پاک فوج کی عزت کرتی ہوں، ایف آئی اے والے ڈکیت ہیں

متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ نے کہا ہے کہ وہ فوج کے ادارے کی عزت کرتی ہیں لیکن ایف آئی اے بکاؤ افسران پر مبنی ڈکیتوں کا ادارہ ہے جو قومی خزانہ لوٹ رہا ہے۔ حریم شاہ نے ایف آئی اے، سندھ پولیس اور اسپیشل برانچ پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے انہیں بکاؤ ادارے قرار دیا او متنبہ کیا ہے کہ وہ ان کے اور ان کے شوہر بلال شاہ کے خلاف کارروائی کرنے سے باز رہیں، ورنہ وہ انہیں بے نقاب کر دیں گی۔ حریم نے لندن میں سینئر صحافی مرتضیٰ شاہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ایف آئی اے اور سندھ پولیس کے افسران کے لیے نہایت سخت زبان استعمال کی بلکہ ان کو گندی گالیاں بھی دے ڈالیں۔
حریم شاہ نے کہا کہ ایف آئی اے اور اسپیشل برانچ کے افسران شراب نوشی کرتے اور بھتے لیتے ہیں۔ ٹک ٹاکر کے مطابق ایف آئی اے اور اسپیشل برانچ نے ان کے خلاف ذاتی حسد میں کارروائیاں شروع کیں مگر اب وہ ان کے شوہر بلاول شاہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر سید ہیں اور سید کبھی حرام نہیں کھاتے، ان کی اپنی جائداد ہے، ان کے حوالے سے اسپیشل برانچ کی رپورٹ غلط ہے کہ وہ بھتہ لیتے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ سندھ پولیس کی سپیشل برانچ نے ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ حریم شاہ کا شوہر بلال ماضی میں سندھ پولیس کا ملازم رہا ہے جسے منشیات فروشی اور بھتہ خوری پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
تاہم حریم شاہ نے کہا کہ اسپیشل برانچ کی رپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں، وہ تین ہزار روپے میں رپورٹ بناتے اور بکتے ہیں۔ ٹک ٹاکر نے کہا کہ اگر ان کے شوہر بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث تھے تو پہلے ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ انہوں نے بلاول شاہ کے خلاف اسپیشل برانچ کی رپورٹ اور ایف آئی اے کی کارروائی پر دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کے نام لیے بغیر ان کے لیے نامناسب زبان بھی استعمال کی۔
اداکارہ آمنہ الیاس کسنگ سین کس کے ساتھ فلمانا چاہتی ہیں؟
حریم شاہ نے ایک سوال پر کہا کہ وہ صرف پاک فوج کی عزت کرتی ہیں، کیوں کہ وہی ادارہ ملک و قوم کی حفاظت کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں کہا کہ وہ صرف اور صرف پاک فوج کے آگے جھکتی ہیں اور فوجی قیادت سے مطالبہ کرتی ہیں کہ وہ ایف آئی اے اور اسپیشل برانچ جیسے اداروں کے خلاف کارروائی کر کے ان کی مدد کرے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم ایکٹ کے تحت تفتیش شروع کر رکھی ہے۔ ٹک ٹاکر کے خلاف ایف آئی اے نے گزشتہ ماہ اس وقت تفتیش شروع کی تھی جب کہ انہوں نے ایک ویڈیو میں ہزاروں پاؤنڈز کےساتھ دعویٰ کیا تھا کہ وہ بہت ساری غیر ملکی کرنسی کے ساتھ پاکستان سے برطانیہ آئیں اور انہیں کسی نے نہیں روکا۔ ان کی ویڈیو کے بعد ایف آئی اے سندھ نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تفتیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم ایف آئی اے کے حرکت میں آنے کے بعد حریم شاہ نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے ویڈیو مذاق میں بنائی تھی۔ اس پر ایف آئی اے نے انکے خلاف ملک و ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے الزام میں سائبر کرائم ایکٹ کےتحت تفتیش شروع کی تھی۔ ایف آئی اے نے بعد ازاں اسٹیٹ بینک کو ٹک ٹاکرز کے اکاؤنٹ منجمند کرنے کی درخواست بھی کی تھی، جس کے بعد حریم نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
گزشتہ ہفتے حریم شاہ نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر بلاول شاہ کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے انہیں اسٹے آرڈر دیتے ہوئے ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو ان کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔