عمران کے مستقبل کا فیصلہ 23 مارچ سے پہلے ہونے کا امکان

معروف لکھاری اور تجزیہ کار عمار مسعود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے مستقبل کا فیصلہ 23 مارچ 2022 سے پہلے ہو جائے گا۔ اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں وہ کہتے ہیں کہ ایک دفعہ پھر ہم تبدیلی کا نعرہ سن رہے ہیں اور اپوزیشن کی جانب سے کپتان کا دھڑن تختہ کرنے کا اعلان کیا جارہا ہے۔ حکومت ’آج گئی کہ کل‘ اس طرح کے تبصرے پھر زبان زد عام ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے بھی گذشتہ تین سال میں یہ نعرہ بارہا لگ چکا ہے۔

سچ تو یہ ہے کہ جب بھی ایسا ماضی قریب میں ہوا اپوزیشن نے منہ کی کھائی۔ عمار مسعود یاد دلواتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ہو۔ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو، فنانس بل ہو یا سٹیٹ بینک ترمیمی بل ہو، ہر موقع پر اپوزیشن کو شکست ہوئی۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس دفعہ ایسا کیا ہوگا جو نیا کہلائے گا، جس سے حکومت کا دھڑن تختہ ہوجائے گا۔ اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے مضمرات اور ثمرات کو جانچنے کی ضرورت ہے۔

عمار مسعود یاد دلاتے ہیں کہ ایک مرتبہ وزیرِاعظم عمران خان نے کوئی قرعہ اندازی کرنا تھی جس میں پورے ملک کے 22 کروڑ افراد نے شامل ہونا تھا۔ خان صاحب نے کیمروں کے سامنے پانچ پرچیاں نکالیں۔ اس بات پر سوشل میڈیا میں حکومت کی بڑی بھد بھی اُڑی کہ یہ کیسا اتفاق ہے کہ پورے ملک میں سے جن کے قرعے نکلنا تھے وہ سارے اس تقریب میں مدعو تھے۔

یہی حال تحریک عدم اعتماد کا بھی ہے۔ ایک طرف تو ساری جماعتیں یہ نعرہ لگاتی رہیں کہ ہم اپنی مجلس عاملہ سے بات کر کے عوام کو اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے، پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد فیصلہ ہوگا، اور دوسری جانب تمام جماعتیں میدان لاہور میں اکٹھی ہوگئیں۔ ایم کیو ایم کا وفد بھی اتفاق سے لاہور میں پایا گیا۔ مسلم لیگ ق بھی مذاکرات اور ملاقاتوں کے لیے ظہور الٰہی پیلس میں موجود تھی۔ زرداری صاحب اور بلاول بھٹو بھی لاہور میں براجمان تھے۔

شہباز شریف بھی صحت مند ہوچکے تھے۔ دنوں میں یہ سب ملاقاتیں ہوئیں اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا کہ کس کا قرعہ نکلا ہے اور کس کی پرچی خالی ہے۔ اس اتفاق یا ’حسنِ اتفاق‘ کے معنی بہت گہرے بھی ہوسکتے ہیں۔ عمار مسعود کے مطابق عمران حکومت کو گرانے کی یہ آخری کوشش ہوسکتی ہے۔ جولائی میں اس حکومت کو چار سال پورے ہوجائیں گے۔ حکومت کا آخری سال ویسے بھی الیکشن کی تیاری کا ہوتا ہے۔ اس میں حکومت گھر بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

اس سال میں نئی انتخابی حکمت عملی تشکیل ہوتی ہے۔ نئے اتحاد بنتے ہیں۔ پارٹیاں اپنی صف بندی کرتی ہیں۔ بہترین امیدواروں کا انتخاب ہوتا ہے۔ اس سال میں تحریک عدم اعتماد بے فائدہ ہی نہیں بے معنی بھی ہوتی ہے۔ لہذا یہ اپوزیشن کا آخری چانس ہے۔ اسکے بعد حکومت میں تبدیلی کا نہ کوئی امکان ہے اور نہ ہی ضرورت۔

بقول عمار مسعود، ذرائع بتاتے ہیں کہ اس تبدیلی کے لیے نواز شریف کو بہت مشکل سے منایا گیا ہے۔ وہ نئے الیکشن کے علاوہ کوئی بات سننے کو تیار ہی نہیں تھے۔ عدم اعتماد ان کے ذہن کی پیداوار نہیں ہے۔ لیکن کبھی انہیں بتایا گیا کہ عوام بہت تیار ہیں، کبھی حکومتی جماعت کے 22 لوگوں کی فہرست دکھائی گئی، کبھی اتحادی جماعتوں کی جانب سے اعتماد کا یقین دلایا گیا۔ کبھی ہر قسم کی ’ریاستی مداخلت‘ کا امکان ختم کیا گیا۔ تب جا کر نواز شریف نے اس پر اتفاق کیا۔

حکومت جتنا کمزور نظر آرہی ہے، اس سے بھی زیادہ کمزور ہے

لیکن جب اتفاق کرلیا تو پھر پورے دبنگ طریقے سے کیا۔ انہوں نے نہ صرف عمران خان کو سنگل آؤٹ کیا بلکہ حکومت کے جانے کو قوم کے لیے خوش خبری بھی قرار دیا، اور اس مہم جوئی پر پوری جماعت اور اپنے حلیفوں کو بھی اُکسایا۔ نواز شریف نے گذشتہ پانچ سال میں یہ پہلی دفعہ کیا ہے۔

اس سے پہلے وہ عمران کو مقابلے کا حقدار ہی نہیں کہتے تھے، لیکن اب نواز شریف نے عمران کو سنجیدہ لینا شروع کردیا ہے جو کہ حکومت کے لیے لمحۂ فکریہ ہوسکتا ہے۔ نواز شریف اگر اس نتیجے پر پہنچے ہیں تو ان کے پاس اس نئی جنگ کے لیے کوئی دلیل بھی یقیناً ہوگی۔ وہ دلیل کیا ہے اس کے بارے میں فیصلہ مستقبل کرے گا۔

عمار مسعود کے مطابق حکومت کے لیے حالات سازگار نہیں رہے۔ کبھی فیصل واوڈا کے خلاف عرصے سے رُکا فیصلہ آجاتا ہے کبھی بین الاقوامی طور پر یہ علم ہوتا ہے کہ کرپشن تو اس دور میں بڑھ گئی ہے۔ کبھی فیصل آباد میں شہباز گِل پر آوازے کسے جاتے ہیں۔

کبھی عمران خان فرسٹریشن میں ’خطر ناک‘ ہونے کا عندیہ دے دیتے ہیں۔ اس سے یہ تو پتا چلتا ہے کہ عدم اعمتاد کے لیے حالات موافق ہیں۔ فرض کیجیے یہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوجاتی ہے اور اپوزیشن کا وہی حال ہوتا ہے جو کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ہوا تو پھر کیا ہوگا؟ یہاں یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ پی ڈی ایم نے اپنے پاس ایک دوسرا آپشن بھی رکھا ہوا ہے۔

اگر تحریکِ عدم اعمتاد منظور نہیں ہوتی تو لانگ مارچ کا آپشن بہرحال موجود ہے۔ سب اپوزیشن جماعتوں کا 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بہت سے لوگوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہوسکتا ہے۔ عمار کے مطابق یہ پہلی تحریک عدم اعتماد ہوگی جس میں حکومت کے جانے سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ آئندہ کا سیاسی منظر نامہ کیا ہوگا؟

نیا وزیر اعظم کون اور کس جماعت کا ہوگا؟ کیا الیکشن کی کال دی جائے گی؟ اس حکومت کے دن کسی اور وزیراعظم کے تحت پورے کروائے جائیں گے؟ اس دشوار وقت میں کیا پیپلز پارٹی حکومت میں آئے گی اور کپتان دور کی ناکامی کا سارا الزام اپنے سر لے لے گی؟ اگلا بجٹ کون پیش کرے گا؟ کیا حکومت کی بیساکھیاں ہٹ جائیں گی؟ ون پیج پھٹ جائے گا؟ کیا راج کرے گی خلقِ خدا کا نعرہ لگے گا؟ ان سوالات کے جواب ابھی تشنہ ہیں۔ فی الوقت اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ جو فیصلہ ہونا ہے 23 مارچ سے پہلے ہوجائے گا۔

Related Articles

Back to top button