پنجاب میں جدید بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے قیام کا فیصلہ

حکومت پنچاب نے صوبے میں عالمی معیار کا بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی کے ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی کی خدمات لینے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدارنے ہفتے کے روز کراچی کا دورہ کرکے ڈاکٹر طاہر شمسی سے خصوصی ملاقات کی۔
حکومت نے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سمری صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلی پنجاب کوارسال کی ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے، تحریک انصاف حکومت نے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں پنجاب انسٹیٹوٹ آف بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دریں اثنا وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم کی ہدایت پر ہفتے کوکراچی پہنچے جہاں انہوں نے پنجاب ہاؤس میں ڈاکٹر طاہر شمسی سے 2 گھنٹے ملاقات کی جس میں انہیں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان صوبہ پنجاب میں پنجاب انسٹیٹوٹ آف بون میروٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ پنجاب میں خون کی بیماریوں بالخصوص خون کے کینسر کے مرض پر قابو پایا جاسکے۔
مجوزہ ادارے میں خون کی بیماریوں سے متعلق امراض میں پوسٹ گریجویشن کرنے کی سہولت بھی ہوگی اور پنجاب کا پہلا ڈگری ایوارڈ انسٹیٹوٹ ہوگا جس میں 3 اور 5 سالہ ڈگری پوسٹ گریجویشن کورس کرایا جائے گا، معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے اس منصوبے کےلیے 6 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر میں 500بستر مختص کیے جائیں گے جہاں خون کے ہر اقسام کے کینسر اورپلیٹ لیٹس کم ہونے کی بیماریوں کے حوالے سے علاج بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ ادارےکا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ لاہور میں رکھیں گے، ہفتے کو وزیر اعلی پنجاب سے کی جانے والی ملاقات میں ڈاکٹر طاہر شمسی کو بتایاگیا کہ مجوزہ پنجاب انسٹیٹوٹ آف بون میرو ٹرانسپلانٹ کا نام منتخب کرلیا گیا ہے، یہ انسٹی ٹیوٹ خود مختار ادارہ ہوگا جو پنجاب حکومت کے فنڈز سے چلا جائے گا، جس کے بعد صوبہ پنجاب کا پہلا خون کی بیماریوں کا انسٹیٹوٹ اور بون میرو ٹرانسپلانٹ ہوگا جو ڈگری ایوارڈ بھی کرے گا، وزیر اعلی پنجاب نے انسٹیٹوٹ کی سمری منظور کرلی ہے، اوررواں مالی سال میں اس پر کام شروع ہوجائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button