ٹوئٹر پر بشری بی بی کی سہیلی فرح خان ٹرینڈنگ میں کیوں؟

پاکستانی سیاست میں گزشتہ کچھ عرصے سے خاتون اول بشریٰ بی بی عرف پنکی پیرنی کی عزیز ترین سہیلی فرح خان کے بارے میں چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں مگر 4 اپریل کو تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان کی جانب سے پریس کانفرنس میں ان پر کرپشن کے الزامات لگائے جانے کے بعد انکا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ پر آ گیا۔

یاد رہے کہ فرح خان خاتون اول بشریٰ بی بی کے پہلے شوہر خاور مانیکا کے قریب ترین دوست احسن جمیل گجر کی اہلیہ ہیں اور پچھلے چار برس سے بشریٰ بی بی کا سایہ بنی ہوئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلی بنوانے میں بھی احسن جمیل گجر اور فرح خان نے اہم ترین کردار ادا کیا تھا۔ اسی وجہ سے پچھلے ساڑھے تین برسوں سے مسلسل یہ الزام عائد کیا جاتا تھا کہ احسن جمیل گجر خاور مانیکا کے فرنٹ مین ہیں جبکہ فرح خان بشریٰ بی بی کے فرنٹ ویمن ہیں اور دونوں میاں بیوی پنجاب میں اوپر والوں کی آشیر باد سے کرپشن کر رہے ہیں۔ علیم خان سے پہلے مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری بھی فرح خان پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اسے خاتون اول بشری بی بی کی فرنٹ ویمن قرار دے چکے ہیں۔

4 اپریل کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کے سابقہ ساتھی اور سابق سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ عثمان بزدار نے کس طرح اربوں کی کرپشن کی، انہوں نے کہا کہ لاکھوں روپے لے کر ڈی سی لگائے جاتے رہے اور آپ کو سب پتہ تھا، میں نے خود آپ کو اسلام آباد جا کر بتایا تھا، فرح خان کون تھی؟ عمران خان عوام کو بتائیں، فرح خان ہر ٹھیکے میں شامل تھی اور کرپشن کے پیسے کس کو بھیجتی تھی، یہ بھی سب پتہ ہے، انہوں نے کہا کہ اب فرح اور اس کا شوہر پاکستان سے بھاگ گئے ہیں، عمران خان بتائیں کہ وہ کیوں بھاگی ہے۔عبد العلیم خان نے کہا کہ عثمان بزدار پنجاب میں کس طرح کرپشن کر رہا تھا ،ایک ایک بات عمران خان کو میں نے خود بتائی ،میرے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے۔ انہوں نے اپنا موبائل فون دکھاتے ہوئے کہا کہ اس میں میری عمران خان کے ساتھ ساری بات چیت محفوظ ہے، جب جب میں نے عمران خان کو بزدار کی کرپشن بتائی اور مجھے آگے سے جو جواب ملے، وہ سب میرے پاس اس موبائل میں موجود ہیں اور یہ سب میں قوم کے سامنے لے کر آﺅں گا۔

علیم خان نے الزام عائد کیا کہ فرح خان پنجاب کے ہر ٹھیکے اور ہر پوسٹنگ اور ٹرانسفر میں موجود ہوتی تھیں اور پیسے وصول کیا کرتی تھیں، لیکن اب جب حکومت ختم ہوگئی ہے تو وہ پاکستان سے باہر نکل گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ذرائع نے انہیں بتایا کہ فرح بی بی اپنے شوہر سمیت ملک سے فرار ہو چکی ہیں اور یہاں سے تمام چیزیں سمیٹ کر جا چکی ہیں۔ علیم خان نے سوال کیا کہ فرح کا کیا کردار تھا، وہ کسے پیسے پہنچا رہی تھیں؟ انہوں نے کہا کہ جب تحقیقات ہوں گی تو سب سامنے آجائے گا۔

علیم خان کی جانب سے فرح خان کا نام لیے جانے کے بعد ٹوئٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ پر آگیا اور لوگوں نے سوال کیا کہ آخر قومی احتساب بیورو فرح خان کے نام پر خاموش کیوں ہے؟ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے عثمان بزدار اور فرح خان کی کرپشن سے متعلق ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہی وجہ ہے کہ عمران خان قانون توڑنے پر مجبور ہیں لیکن اس کے باوجود وہ لاہور اور اسلام آباد میں حکومت کرنا چاہتے ہیں اور اپنی پسند کے نگراں لوگ لانا چاہتے ہیں، تاکہ وہ فرح گجر سمیت دیگر لوگوں کو بچا سکیں۔

اینکر طلعت حسین نے علیم خان کی پریس کانفرنس کے حوالے سے ٹوئٹ کی کہ ماضی میں عمران خان کی مالی مدد کرنے والے علیم خان نے اب عمران خان کو فراڈیا قرار دیتے ہوئے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور انکی دوست فرح بی بی پر براہ راست انگلیاں اٹھائی ہیں اور کہا ہے کہ تین تین کروڑ روپے میں پوسٹنگ ہوتی رہی۔ سینئیر صحافی اسد علی طور نے انگریزی اخبار کی ایک خبر ٹوئٹ کی، جس میں بتایا گیا تھا کہ فرح بی بی قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد ملک سے فرار ہوکر دبئی چلی گئیں اور ان کے شوہر پہلے سے ہی وہاں موجود ہیں۔

اپوزیشن کا فوج سے امریکی خط پر لب کشائی کا مطالبہ
بعض افراد نے یاد دلایا کہ سب سے پہلے بلاول بھٹو زرداری نے فرح بی بی کا نام لیا تھا جب کہ بعض لوگوں نے علیم خان کو کہا کہ اگر ان کے پاس فرح خان کے حوالے سے ثبوت ہیں تو وہ عدالت سے رجوع کریں۔ بعض لوگوں نے لکھا کہ عمران خان کے دور میں کرپشن کرنے والے لوگ حکومت ختم ہوتے ہی ملک سے فرار ہونا شروع ہوگئے ہیں اور فرح خان بھی ملک سے چل گئی ہیں۔ بعض افراد نے فرح خان کے ملک سے چلے جانے کی خبریں بھی ٹوئٹ کیں۔ یاد رہے کہ ماضی میں بشری بی بی جب بھی لاہور آتی تھیں تو وہ فرح خان کے ساتھ مختلف یتیم خانوں اور پناہ گاہوں کے دورے کیا کرتی تھیں۔

Related Articles

Back to top button