عمران کو جھوٹا کہنے پر اولمپئین رشید الحسن پر پابندی

سابق اولمپیئن رشید الحسن کو وزیراعظم عمران خان کو جھوٹا قرار دینا بھگتنا پڑ گیا اور پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان پر دس سال کی پابندی عائد کر دی، ہاکی فیڈریشن کے مطابق پابندی اس لیے عائد کی گئی کہ رشید الحسن نے وزیراعظم عمران خان کے بارے میں بہت توہین آمیز بیانات دئیے تھے۔ تاہم رشید الحسن کا کہنا ہے کہ میں نے صرف وزیراعظم عمران خان کو جھوٹا قرار دیا تھا اور پابندی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم بن کر کوئی خدا نہیں بن گئے جو ان کے بارے میں جائز تنقید بھی نہ کی جا سکے۔ یاد رہے کہ ہاکی لیجنڈ اولمپئین رشید الحسن ، اولمپکس (1984)، ورلڈ کپ (1982)، ایشین گیمز (1982)، ایشیا کپ (1982 اور 1985) اور جونیئر ورلڈ کپ (1979) کی گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم کے بھی رکن رہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے اولپمئین رشید الحسن پر پابندی کی تصدیق کردی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اولمپئین رشید الحسن نے ہاکی پر تجزیہ دیتے ہوئے وزیراعظم کے خلاف بیانات دیے اور پھر پی ایچ ایف کے بھجوائے گئے شوکاز کا جواب نہیں دیا تھا۔

سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے یہ بھی کہا کہ رشید الحسن کے ریمارکس کا حکومت کی جانب سے سخت نوٹس لیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ رانا ظہہیر احمد بابر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اولمپین رشید الحسن کی وزیر اعظم پاکستان سے متعلق گفتگو انتہائی ناشائستہ اور شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپین رشید الحسن نے عمران خان کے نام آڈیو پیغام میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ادب و اخلاق کی تمام حدیں پھلانگ ڈالیں۔

سابق پارلیمنٹیرین بشریٰ رحمٰن کرونا سے چل بسیں

قومی ہاکی کوچ رانا ظہیر احمد نے کہا کہ اولمپینز ہمارے لئے قابل احترام ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ رشید الحسن اپنی اس گفتگو سے نئی نسل کو کیا پیغام دینا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولمپین رشید الحسن کو سمجھنا چاہیئے کہ ذاتی خواہشات پر نظام نہیں چلتے۔

ایک اولمپین ہوتے ہوئے انہیں زیبا نہیں دیتا کہ رشید الحسن وزیر اعظم عمران خان سے متعلق غیرشائستہ اور غیر مہذب گفتگو کریں۔ انہوں نے کہا کہ رشید الحسن کا یہ عمل شرمناک ہے اور پاکستان ہاکی کمیونٹی اس کی مذمت کرتی ہے۔

دوسری جانب رشید الحسن نے ہاکی فیڈریشن کے فیصلے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر عائد کی گئی پابندی غیر قانونی ہے۔ انہوں نے اس پابندی کو عدالت میں چیلنج کرنے کااعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ میں نے صرف یہی کہا تھا کہ عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں، کیا میں نے کوئی غلط بات کی تھی؟

Related Articles

Back to top button