طیبہ گل ڈیڑھ مہینہ وزیراعظم ہائوس میں رہیں

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ طیبہ گل ڈیڑھ مہینے وزیراعظم ہاؤس میں رہیں، اوراس کےمیرے پاس ثبوت بھی ہیں، پی ٹی آئی والے چئیرمین نیب کو کھلونا بنا کر کیس بناتے رہے۔

فیصل آباد میں نمازعید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا میرے پاس ثبوت ہیں کہ طیبہ گل ڈیرھ مہینہ وزیر اعظم ہائوس میں رہیں، طیبہ گل کیس کا اس وقت ہی سوموٹو ہونا چاہیے تھا، اسی وقت نوٹس ہوتا تو آج نیب کا ادارہ تباہ نہ ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معشیت کے لحاظ سے مشکل ترین صورتحال سے گزر رہا ہے، ملک کی خاطر ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا آئی ایم ایف کی ہم نے وہ بھی شرائط مان لیں جس کے حق میں نہیں تھے، آئی ایم ایف کو چاہیے قسط فوری جاری کر دے تاکہ مشکل حالات سے نکلا جائے۔

انہوں نے کہا ملک پر انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کچھ نہ کرنے والا گروہ مسلط تھا، پونےچار سال تک یہ نااہل ٹولہ ملک پر مسلط رہا ہے، سب سے بڑے فسادی اور فتنے کا ہم نے بڑا اچھا علاج کیا، اس علاج کی وجہ سے وہ اسلام آباد میں ٹھہر نہیں سکا، اس فسادی ٹولے نے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہماری کوشش ہے ملک اب بہتری کی طرف جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے، ایسا ٹولہ جو ملک کی تباہی کیلئے آیا تھا اسے ہم نے ناکام بنا دیا ہے۔

وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میرے کیس کا سوموٹو نوٹس لے، جھوٹے کیس کی انکوائری اچھے انداز میں کی جائے، اتنا ظلم 74 سال میں کسی کے ساتھ نہیں ہوا جتنا پی ٹی آئی کے دور میں سیاسی مخالفین کے ساتھ ہوا۔

Related Articles

Back to top button