گورنر نے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل تک برخاست کر دیا

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے اپنے صوابدیدی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل تک برخاست کر دیا ہے، گورنر نے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل 3 بجے ایوان اقبال میں طلب کر لیا ہے۔

پنجاب حکومت اور اپوزیشن میں گزشتہ روز سے جاری ڈیڈ الاک تاحال برقرار ہے، گورنر بلیغ الرحمن کے اعلان کے بعد سپیکر پرویز الٰہی ایوان میں آگئے اور اجلاس 8 گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع کر کے ملتوی کر دیا،سارا دن اجلاس کےلئے گھنٹیاں بجنے کا سلسلہ جاری رہا ۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ حکومت وفد کی قیادت ملک احمد خان جبکہ اپوزیشن کی مونس الہی نے کی۔

باخبر ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان باہمی رابطوں میں اہم امور طے پاگئے اور اجلاس کچھ دیر میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ حکومت یقین دہانی کے مطابق اپوزیشن ارکان کے خلاف مقدمات واپس لئے جائیں گے۔اپوزیشن ارکان پولیس کے رویے کے خلاف تقاریر کریں گے جبکہ سردار اویس لغاری ایوان میں بجٹ پیش کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج بھی تاخیر کا شکار ہے جب کہ اسپیکر پرویز الٰہی نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کی معافی کا بھی مطالبہ کررکھا ہے۔ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف اور سپیکر پرویز الٰہی کی شرائط ماننے سے صاف انکار کردیا ہے جبکہ سپیکر کی غیرقانونی حرکت کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button