آئینی ترامیم میں اوورسیز کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کےحق سے محروم کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ آئینی ترامیم میں اوورسیز کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا۔

عدالت عالیہ کےچیف جسٹس اطہر من اللہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاق کو وزارت قانون، انصاف اور پارلیمانی امور کے سیکریٹری کے ذریعے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالت میں درخواست گزار داؤد غزنوی اور دہری شہریت رکھنے والے عاطف اقبال خان کی جانب سے وکیل عارف چوہدری پیش ہوئے۔

اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں نورعالم کا جھگڑا کیوں ہوا؟

سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ جو پہلے ترمیم تھی وہ بھی یہی تھی، اب والی ترمیم میں زیادہ وضاحت دی گئی ہے، لوگ باہر ہیں وہ وہاں سکونت رکھتے ہیں، دونوں ترامیم ان کے حقوق کو ختم نہیں کر رہیں۔

وکیل عارف چوہدری نے دلائل دیے کہ 30 سال سے یہ کام چل رہا تھا اب یہ کام ہوا ہے، یہ تو کوئی کہہ نہیں سکتا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں۔ عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کتنے پاکستانی بیرون ملک ہیں؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ 9 لاکھ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ امریکا میں کیسے ووٹ ڈالے جاتے ہیں وہاں کا کوئی قانون ہوگا، وکیل نے جواب دیا کہ ابھی وہاں کا قانون مجھے معلوم نہیں، بادی النظر میں گزشتہ حکومت کی ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نہیں تھی،اب جو ترمیم ہوئی اس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا۔

عدالت نے عالیہ نے درخواست قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کردی۔

یادرہے کہ 26 مئی کو قومی اسمبلی نے الیکشن ترمیمی بل 2022 منظور کر لیا تھا جس کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور اوورسیز ووٹنگ سے متعلق گزشتہ حکومت کی ترامیم ختم کردی گئیں جبکہ قومی احتساب ترمیمی بل بھی منظور کرلیا گیا تھا۔

راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں پارلیمانی امور کے وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بل اسمبلی میں پیش کیا، انتخابات ایکٹ 2017 کے سیکشن 94 اور سیکشن 103 میں ترامیم کی گئی ہیں۔

جس کے مطابق انتخابات ایکٹ 2017 کے سیکشن 94 کے تحت الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کے لیے پائلٹ پراجیکٹ کرے تاکہ ٹیکنیکل، رازداری، سیکیورٹی اور اس طرح کی ووٹنگ کے لیے اخراجات کا تعین کیا جائے اور نتائج سے حکومت کو آگاہ کرے اور رپورٹ موصول ہونے کے بعد 15 دن کے اندر ایوان کا اجلاس بلایا جائے اور اس کو دونوں ایوانوں کے سامنے پیش کیا جائے۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 103 میں کی گئی ترامیم کے تحت الیکٹرانک اور بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کا بھی ضمنی انتخابات میں پائلٹ پراجیکٹ کیا جائے۔

Related Articles

Back to top button