مراد سعید کو کپتان سے منسوب کرنے پر ٹی وی چینل بند

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی وزراء میں کارکردگی کی بنیاد پر تعریفی اسناد تقسیم کرنے اور مراد سعید کو نمبر ون وزیر قرار دینے پر معنی خیز تنقید کے بعد پیمرا نے نجی چینل نیوز ون پر غریدہ فاروقی کا شو بند کرنے کے علاوہ ملک بھر میں چینل کی نشریات بھی بند کروا دی ہیں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان اور مراد سعید کے تعلق کے حوالے سے ذومعنی تبصروں کو غریدہ فاروقی کے پروگرام میں زیر بحث لایا گیا جس کی پاداش میں چینل کو پیمرا کی ہدایات پر ملک بھر میں بند کر دیا گیا ہے۔

تاہم ناقدین اسے انتقامی کاروائی قرار دیتے ہوئے یاد دلاتے ہیں کہ غریدہ نے اسی روز عمران خان کی اہلیہ کے حوالے سے فرائیڈے ٹائمز میں شائع ہونے والی گپ شپ کے کچھ اقتباسات ٹوئٹر پر شیئر کئے تھے جس کے باعث ان کا پروگرام بند کروا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فرائیڈے ٹائمز نے بیک پیج پر اپنی سٹوری میں اشاراتا بتایا تھا کہ کپتان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی ان دنوں شوہر سے ناراض ہو کر لاہور میں قیام پذیر ہیں جس سے تاثر ملتا ہے کہ انکی علیحدگی ہوگئی ہے۔

فرائیڈے ٹائمز کے مطابق اختلافات کی وجہ ایک قیمتی گھڑی کی فروخت بتائی جاتی ہے۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے سینئر صحافی عمران شفقت نے اپنے ایک وی لاگ میں بتایا کیا تھا کہ عمران خان کو سعودی شہزادہ سلمان کی جانب سے تحفے میں دی جانے والی ایک بیش قیمت سونے کی گھڑی دبئی میں فروخت کر دی گئی ہے جس کا علم ہونے پر شہزادہ سلمان کافی ناراض ہوئے ہیں۔

فرائیڈے ٹائمز کے بیک پیج پر چھپنے والی گپ شپ میں اشاروں کنایوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے تحفے میں ملنے والی قیمتی گھڑی مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کی طرف سے دبئی میں فروخت کئے جانے پر کپتان نے اہلیہ سے سخت ناراضی کا اظہار کیا جس کے بعد پنکی پیرنی بنی گالہ رہائش گاہ چھوڑ کر لاہور میں قیام پذیر ہیں اور دونوں میں کافی فاصلے پیدا ہو چکے ہیں۔

فرائیڈے ٹائمز کے مطابق کہا جاتا ہے کہ عمران خان کو بشری بی بی کی حکومتی معاملات میں مداخلت اور کمیشن وغیرہ پکڑنے پر بھی سخت تحفظات ہیں اس لئے دونوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔ فرائیڈے ٹائمز کی اس سیاسی گپ شپ کو غریدہ فاروقی نے ٹوئٹر پر شیئر کیا تو اسی روز نیوز ون چینل پر انکا پروگرام پابندی کا شکار ہوگیا اور چینل کو بھی آف ایئر کردیا گیا۔

دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیمرا نے مراد سعید کو نمبر ون وزیر قرار دینے پر ذومعنی اور نازیبا تبصروں کا نوٹس لیتے ہوئے نیوز ون ٹی وی کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ جبکہ ملک بھر کے کیبل آپریٹرز نے بھی چینل کو آف ایئر کر دیا ہے۔ پیمرا کی جانب سے چینل کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 10 فروری کو اینکر غریدہ فاروقی کے پروگرام میں مہمانوں نے تضحیک آمیز گفتگو کی اور اس پر کوئی ادارتی چیک نہیں رکھا گیا۔

کیا عمران خان کے لیے ‘دی گیم از اوور’

پروگرام کے مہمانوں میں جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب ، افتخار احمد، طارق محمود اور محسن بیگ شامل تھے۔ نوٹس میں پروگرام کی جس گفتگو کا ذکر ہے وہ کچھ یوں ہے۔ کہ اینکر پرسن غریدہ فاروقی سوال پوچھتی ہیں کہ وزراء میں کارکردگی کی بنیاد پر ٹاپ پر مراد سعید صاحب ہیں وجہ کیا ہے؟ اس پر پروگرام میں شریک مہمان محسن بیگ کہتے ہیں کہ اس کا پتا نہیں۔ تاہم وه ریحام خان کی کتاب میں مراد سعید اور کپتان کے تعلقات کے حوالے سے خاصا کچھ لکھا ہوا ہے۔

اسی دوران دوسرے مہمان طارق محمود کہتے ہیں کہ مراد سعید کی جو کارکردگی ہے اور جو ان پر الزامات ہیں وه کس کے علم میں نہیں۔ اس میں دو ہی لوگ سیریس ہیں ایک عمران خان صاحب اور دوسرے مراد سعید صاحب۔ تو ہمیں اتنا سیریس نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صاحب نے تقریب منعقد کی ہے اور دوسرے صاحب پہلے نمبر پر آئے ہیں۔ وه بڑے محنتی وزیر ہیں۔ دوسرا یہ کہ اس میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ عمران خان مراد سعید اکو بہت پسند کرتے ہیں۔ مراد سعید نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنی کارکردگی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس سے ذیادہ آپ کیا کہلوانا چاہتی ہیں مجھ سے۔ اس کے بعد سینئر صحافی افتخار احمد اور جنرل ر امجد شعیب بھی مراد سعید اور عمران خان کے بارے زومعنی تبصرے کرتے ہیں اور اینکر پرسن غریدہ فاروقی سمیت سب اس بحث کو انجوائے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اس پروگرام کے نشر ہونے کے فوراً بعد پیمرا نے چار دن میں نیوز ون کو شو خان نوٹس کا جواب دینے کا کہا ہے جبکہ کیبل آپریٹرز نے نیوز ون کو آف ایئر کر دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ غریدہ فاروقی کے پروگرام کی بندش کی وجہ صرف مراد سعید اور کپتان کے باہمی تعلق پر تبصرہ کرنا نہیں بلکہ اصل وجہ وہ ٹویٹ ہے جس میں غریدہ نے فرائیڈے ٹائمز کے حوالے سے عمران خان اور بشری بی بی میں علیحدگی کی خبر دی۔

Related Articles

Back to top button