عیدالاضحٰی 31 جولائی کوہو گی، فواد چودھری کادعویٰ

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک بار پھر کہا ہے کہ عیدالاضحی 31 جولائی کو ہی ہو گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے دعویٰ کیا ہے 21 جولائی کو ذی الحج کا چاند کراچی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں دوربین سے واضح طور پر اور کئی علاقوں میں خالی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا اور اس طرح عید الاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ ہوگی۔ چاند کی درست لوکیشن معلوم کرنے کے لیے ’رویت‘ ایپ بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کہتے ہیں ایسے منصوبے بنائیں گے جن سے لوگ خود چاند دیکھ سکیں گے۔ ان منصوبوں سے چاند دیکھنے کا عمل آسان ہو جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ایسے آلات مہیا کریں گے جس سے رویت ہلال تکنیکی طور پر درست ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک، عید الفطر اور محرم الحرام سمیت اسلامی مہینوں کے آغاز پر چاند دیکھنا کچھ عرصے سے متنازع عمل بنتا جا رہا ہے، بعض اوقات تو ملک میں 3، 3 عیدیں ہوتی رہیں۔ اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے فواد چودھری نے ایک ایپ متعارف کروائی جس کے ذریعے چاند کو سائنسی طریقے سے دیکھنا ممکن بنایا گیا تھا۔
دریں اثنا وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ٹڈی دل کیخلاف ڈرونز کے استعمال کیلئے ایم او یو سائن کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا صوبوں سے کہوں گا کہ تھوڑا بجٹ سائنس و ٹیکنالوجی پر لگا دیں صوبے اگر چاہیں تو ان کے ساتھ مل کر آبزرویٹریز قائم کر دیں گے جو چاند دیکھنے کے کام آئیں گے اور امید ہے ہم رویت ہلال کمیٹی کا کام مزید کم کر دیں گے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب پاکستان میں کورونا آیا تو کوئی ایک چیز بھی ہم نہیں بنا رہے تھے آج ہم پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنا رہے ہیں اور پاکستان میں ہی پی پی ایز اور این 95 ماسک تیار کیے جا رہے ہیں جب کہ آج 3 مزید کمپنیوں کو وینٹی لیٹرز بنانے کی اجازت دیدی جائے گی۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ 3 کمپنیوں کو اجازت ملنے سے وینٹی لیٹر بنانے والی چار کمپنیاں ہوجائیں گی جس کے باعث ہم وینٹی لیٹرز برآمد کرنے کے قابل ہو جائیں گے آج ہم نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں یہ ڈرونز ہم این ڈی ایم اے کو ٹڈی دل کیخلاف اسپرے کیلئے دیں گے ڈرونز کا استعمال زراعت میں شروع کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button