عاصم باجوہ کو جلد یا بدیر عوام کو حساب دینا پڑے گا

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو جلد یا بدیر قانون کا سامنا کرنا پڑے گا اور پاکستان کے عوام کو حساب دینا پڑے گا۔
لاہور کے علاقے چیئرنگ کراس پر ہونے والے طلبہ مظاہرین سے اظہار یکجتی کے دوران انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی بن کر آپ نے استثنیٰ لے لیا، آپ کون سا آسمان سے اترے ہیں کہ آپ کو نیب اور قانون سے استثنیٰ دیا جائے، آپ نے ایسا کیا کیا جس کی پردہ داری ہے، آج تو آپ عمران خان کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اور ریٹائرڈ ہونے کے بعد بھی فوج کے پردے کے پیچھے چھپ گئے ہیں، لیکن جلد یا بدیر آپ کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان کے عوام کو حساب دینا پڑے گا، کہ ایک معمولی سی تنخواہ کی بنیاد پر اربوں کھربوں روپے کے اثاثے کیسے بنائے، عاصم سلیم باجوہ سے اقامہ کا جواب نہیں مانگا جارہا، ان سے کسی خاندانی بزنس کے بارے میں جواب نہیں مانگا جارہا، بلکہ ان سے یہ جواب مانگا جارہا ہے کہ ایک درمیانے بیک گراونڈ سے ہوتے ہوئے، آپ کے خاندان نے پوری دنیا میں پھیلے ہوئے اربوں کھربوں کے اثاثے کیسے بنائے۔
قبل ازیں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں انتقام کے علاوہ کوئی کام نہیں ہورہا، بھائی کاساتھ دینے پر شہباز شریف کو جیل بھیجا گیا، نوازشریف یہاں نہ ہوکر بھی یہاں موجود ہیں، میاں صاحب مخالفین کے سروں پر سوار ہیں، وزیراعظم عمران خان کراچی واقعے سے لا تعلق رہے ہیں، عمران خان نے بتادیا کہ وہ کہیں بھی نہیں ہیں، جتنے کیس بنانے ہیں بناسکتے ہیں اور کتنے کیس بنائیں گے؟، انہوں نے کہا کہ ان کا یہ حال اپوزیشن کی وجہ سے نہیں بد دعاوں سے ہوا، کدھر ہیں عمران خان؟ کسی بھی معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا، کیوں کہ عمران خان تو حکومت میں ہے ہی نہیں، انہیں تو صرف ڈمی بناکر بٹھایا ہوا ہے، جب کہ نوازشریف کے بغیر پاکستان لاوارث ہے اور سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے بغیر پنجاب لاوارث ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button