اسپیکر ایاز صادق کی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کردار ادا کرنے کی پیشکش

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کےلیے اپنی خدمات پیش کرتےہوئے کہاکہ اختلافات ختم کرنے کےلیے بات چیت ضروری ہے اور اس کےلیے میرا دفتر ہر وقت حاضر ہے۔
ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھاکہ حکومت اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کےلیے مذاکرات ضروری ہیں۔ اسمبلی میں کل جو ماحول بنا،جس طرح پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت اور مسلم لیگ (ن) کے رانا ثنا اللہ اور خواجہ آصف نے جس طرح بات کی،وہ میں نے دیکھی۔
ایاز صادق نے کہاکہ اسپیکر کا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہوتا ہے، اسپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے اراکین کےلیے کھلے رہتے ہیں،چاہیں ایوان کی کارروائی چل رہی ہو یا نہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسپیکر کا گھر اور دفتر 24 گھنٹے کھلا ہے،حکومت اور اپوزیشن تلخی ختم کرنے،ملکی مفاد پر بات کرنے یا لا اینڈ آرڈر کےمعاملات پر گفتگو کرنا چاہیں تو آجائیں۔
ان کاکہنا تھاکہ اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی،صوبوں کی خود مختاری سمیت بے شمار دیگر مسائل ہیں،جن پر حکومت اور اپوزیشن کو بات کرنی چاہیے تو میں اس کےلیے تیار ہوں، آئیں اور بیٹھ کر بات کریں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نےکہاکہ جب تک میں اس عہدے پر ہوں،میں کوئی کمی نہیں آنے دوں گا،سب اراکین چاہے ان کا تعلق حکومت سے ہو یا اپوزیشن سے،میرے لیے سب برابر اور قابل احترام ہیں۔
انہوں نےکہاکہ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنےکو تیار ہوں۔
عمران خان کو فوج کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دیا ہے : فواد چوہدری
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کو مذاکرات کی مشروط پیش کش کی تھی۔
ن لیگی رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے اسپیکر آفس کا رستہ دکھا دیتےہوئے کہا تھاکہ اگر آپ سنجیدہ ہیں تو کم سے کم حکومت کو مذاکرات کا پیغام تو بھیجیں۔
جس پر پی ٹی آئی رہنما کے شیر افضل مروت نے بھی سیاسی قائدین کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیاتھا۔
شیر افضل مروت نے کہا تھاکہ جب تک سیاسی قوتیں ایک ہوکر نہیں بیٹھیں گی، مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔