سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال،انڈیکس میں 10ہزارپوائنٹس کا اضافہ

پاک بھارت حالیہ کشید میں سیز فائر کےبعد ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونےلگے ہیں،جس کا عملی مظاہرہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دیکھاگیا جہاں کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز سے ہی اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 9929 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس کو 117104 پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔
پیر کو کاروبار کے آغاز پر سرمایہ کاروں نے 5 ارب 87 کروڑ 57 لاکھ 47 ہزار 103 روپے مالیت کے 12 کروڑ 49 لاکھ 28 ہزار 589 حصص کے 25 ہزار 795 سودےکیے،مجموعی طور پر 331 کمپنیوں کےحصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 320 کمپنیوں کےشیئرز کی مالیت میں اضافہ ہوا، صرف 5 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی، 6 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں برقرار رہیں۔
10 مئی کو پاک فوج کی جانب سے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کے بعد سرمایہ کاروں کا مورال بڑھ چکا ہے،جنہوں نے پیر کو ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ کےشعبہ جات سمیت دیگر سیکٹرز میں بھرپور سرمایہ کاری کی ہے۔
ایک موقع پر کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 9 ہزار 900 پوائنٹس بھی بڑھ گیا تھا، کے ایس ای 100 انڈیکس کےعلاوہ آل شیئر 5 ہزار 404 پوائنٹس،کے ایس ای 30 انڈیکس 3 ہزار 20 پوائنٹس،کے ایم آئی انڈیکس 14 ہزار 852 پوائنٹس اور بی کے ٹی آئی انڈیکس 2 ہزار 346 پوائنٹس بڑھے ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کےمطابق پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کےبعد کشیدگی کےخاتمے کی امیدوں،خطے پر منڈلاتے جنگ کے بادل چھٹنے کےبعد سرمایہ کار متحرک ہوئےہیں،خطے میں امن رہا تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ چند روز میں ہی اپنی آخری بلند ترین سطح تک پہنچ جائےگی۔