سپریم کورٹ : انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف عمران خان کی درخواست بھی سماعت کےلیے مقرر
سپریم کورٹ نے ملک بھر میں 8 فروری کو ہونےوالے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کےلیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینےکی عمران خان کی درخواست سمیت دیگر اہم مقدمات آئندہ ہفتے سماعت کےلیے مقرر کر دیے۔
سپریم کورٹ کی آئینی بینچ کمیٹی نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی 11 دسمبر کو 8 فروری کو ہونےوالے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کےلیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینےکی عمران خان کی درخواست پر سماعت کرےگا۔
جسٹس جمال مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس حسن رضوی آئینی بینچ میں شامل ہیں،اس کے علاوہ جسٹس مسرت ہلالی،جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال بھی 7 رکنی آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ روان برس مارچ میں عمران خان نے ملک بھر میں 8 فروری کو ہونےوالے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کےلیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔
عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ سپریم کورٹ کے غیرجانبدار حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیاجائے۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ جوڈیشل کمیشن عام انتخابات اور اس کے نتائج کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنےتک وفاق اور پنجاب میں حکومتی تشکیل کے اقدامات کو معطل کیاجائے،جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیاجائے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کا انعقاد ہوا تھا، تاہم عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہونے کے سبب انتخابی عمل کا حصہ نہیں بن سکی تھی اور پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا۔
سپریم کورٹ: سانحہ 9 مئی،سویلین کے ملٹری ٹرائل بارے اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست پر سماعت بھی 10 دسمبر کو ہوگی،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت 11 دسمبر کو ہو گی۔
جاری کاز لسٹ کےمطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواستیں 12 دسمبر کو سماعت کےلیے مقرر کی گئی ہیں۔