پی ٹی آئی دور میں طالبان کو بسایا گیا، دہشت گردی دوبارہ ختم کر کے دکھائیں گے : اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں طالبان کو بسایا گیا، جیسے پہلے دہشت گردی کا قلع قمع کیا اب بھی کر کے دکھائیں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے بہت کوشش کی چارٹر آف اکانومی ہوجائے، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے،کچھ لوگوں نے اپنی نااہلی کی وجہ سے معیشت کو ڈی ریل کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں معاشی حالات بہتر ہو رہے تھے،ہم دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بننے جا رہے تھے، 2017میں ڈرامہ رچایا گیا اور معیشت کو نقصان پہنچایاگیا،جو کچھ ان چار برسوں میں ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ غیر مناسب سیاست کی وجہ سے سب سے بڑا نقصان قوم کو ہوا، سیاسی تبدیلی سے اکانومی کی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں آنی چاہیے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم نے معیشت کو بہتر کرنے کےلیے کوئی دم درود نہیں،کام کیا، نواز شریف حکومت میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں طالبان کو بسایا گیا،جیسے پہلے دہشت گردی کا قلع قمع کیا اب بھی کر کے دکھائیں گے۔
