اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کےقائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیاہے۔

اسرائیلی فوج نےایک بار پھر دعویٰ کیا ہےکہ حال ہی میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کیےگئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کے جانشین ہاشم صفی الدین کو شہید کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کےمطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہےکہ 3 ہفتے قبل بیروت میں ایران کی حمایت یافتہ لبنانی گروپ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کےدوران ان کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین شہید ہوگئے ہیں۔

تاہم حزب اللہ کی جانب سے اب تک ہاشم صفی الدین کی شہادت سے متعلق کسی قسم کی تصدیق نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیاگیا ہے۔

حزب اللہ کا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ

یاد رہےکہ اسرائیلی فورسز نے 4 اکتوبر کو بھی اس قسم کا دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل نے بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے میں حزب اللہ کےسینئر عہدیدار ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنایا ہےتاہم اس کی تصدیق اب تک نہیں ہو سکی ہے۔

اب اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ بیان جاری کیاگیا ہے ’اس بات کی تصدیق کی جا سکتی ہے کہ تقریبا 3 ہفتےقبل ایک حملے میں حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ ہاشم صفی الدین اور حزب اللہ کے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کےسربراہ علی حسین حزیمہ حزب اللہ کے دیگر کمانڈروں کے ہمراہ شہید ہوئے‘۔

بیان میں مزید کہاگیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے بیروت کےجنوبی مضافاتی علاقے دہیہ میں حزب اللہ کےمرکزی انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا جو لبنان کے دارالحکومت میں حزب اللہ کا مضبوط گڑھ ہے،حملے کے وقت وہاں پر حزب اللہ کے 25 سے زائد کمانڈرز موجود تھے۔

خیال رہےکہ اسرائیل نے حزب اللہ کےشہید سربراہ حسن نصراللہ کو 27 ستمبر کی رات بیروت میں ایک حملے میں نشانہ بنایاتھا جس میں وہ بیٹی زینت نصراللہ سمیت شہید ہوگئے تھے۔

حزب اللہ کے ایک ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ گروپ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کے کزن ہاشم صفی الدین سے ان کا رابطہ منتقع ہوگیا ہےجو حسن نصراللہ کی جگہ ایرانی حمایت یافتہ لبنانی گروپ کی سربراہی کریں گے۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کے بعد ایک بیان میں کہاکہ ہم نصر اللہ، ان کےمتبادل اور حزب اللہ کی اعلیٰ قیادت تک پہنچ گئےہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے کہا کہ ہم ہر اس شخص تک پہنچیں گے جو اسرائیلی شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

واضح رہےکہ ہاشم صفی الدین نےگزشتہ سال حزب اللہ کی جانب سے مذاکرات میں نمایاں کردار ادا کیا اور سکیورٹی وجوہات کی وجہ سےحسن نصراللہ کی عدم شرکت پر مختلف تقریبات سےخطاب بھی کیا۔

Back to top button