عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں اینٹی کرپشن فورس بنانے کا فیصلہ، ایکٹ تیار

عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں کڑے احتساب کےلیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
عمران خان کی ہدایت پر مشیر احتساب مصدق عباسی نے اینٹی کرپشن فورس ایکٹ تیار کر لیا ہے،اینٹی کرپشن فورس میں تین ونگز ہوں گے اور فورس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کریں گے،فورس میں 10 سے زیادہ افراد کو بھرتی کیاجائے گا جنہیں 4 ماہ کی ٹریننگ دی جائے گی جب کہ پراسکیوشن کا ڈی جی کنٹریکٹ بنیادوں بھرتی کیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن بےنامی جائیدادوں کی تحقیقات کر سکے گا،عوام سے دھوکا دہی کرنےوالوں کےخلاف کارروائی کے اختیارات بھی اینٹی کرپشن کو حاصل ہوں گے جب کہ اینٹی کرپشن فورس میں نئی بھرتیاں کر کے ڈیوٹیشن عملے کو واپس بھیجا جائےگا۔
ایکٹ کےتحت انویسٹی گیٹر 6 ماہ میں انکوائری مکمل کرے گا، 6 ماہ میں انکوائری مکمل نہ ہونےپر ایک سال کا وقت دیا جائےگا اور ایک سال میں انکوائری مکمل نہ ہونے پر بند کر دی جائےگی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ادارہ عدالتوں میں کیسز لڑنے کےلیے اپنے پراسکیوٹر بھرتی کرےگا، معلومات دینےوالے شہری اور اچھی تحقیقات کرنےوالے افسران کو انعامات دیےجائیں گے جب کہ غلط کیس بنانےوالے اہلکاروں کو 3 سے 7 سال کی قید ہوگی۔
اس حوالےسے گفتگو کرتےہوئے مشیر احتساب خیبرپختونخوا مصدق عباسی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ علی امین نےمجوزہ قانون کی منظوری دے دی ہے،اب اسکی جلد کابینہ سے منظوری لیں گے۔
مصدق عباسی کاکہنا تھاکہ عمران خان کے وژن کے مطابق کرپشن کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا،نئے قانون کےتحت کرپشن کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
عمران خان کا خط ججز آئینی کمیٹی کو بھجوا دیا : چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سےملاقات کی تھی جس دوران عمران خان کو خیبرپختونخوا میں کرپشن سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔