یمن پر اسرائیلی بمباری میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ بال بال بچ گئے

عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) کے سربراہ تیدروس ادھانوم یمن پر اسرائیلی بمباری کے دوران بال بال بچ گئے۔

اسرائیلی فضائیہ کے 100 طیاروں نے یمنی دارالحکومت صنعا پر حملےکیے، اسرائیلی فوج کےمطابق حملے میں صنعا کے ائیرپورٹ کو بھی نشانہ بنایاگیا جس میں حوثیوں کی زیر استعمال سویلین طیارے بھی تباہ کیےگئے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تیدروس ادھانوم نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ وہ بمباری کے دوران صنعا ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

تیدروس ادھانوم نے کہاکہ ان کی روانگی سے قبل ہی صنعا ائیرپورٹ فضائی بمباری کی زد میں آگیا۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہاکہ حملے میں ائیرپورٹ کا رن وے،ائیر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ڈپارچر لاؤنج تباہ ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ وہ حملے کے وقت ڈپارچر لاؤنج سےچند میٹر فاصلے پر ہی موجود تھے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔

ڈبلیو ایچ او  کے سربراہ نے کہاکہ حملے کے نتیجے میں ائیرپورٹ پر 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ڈبلیو ایچ او کے طیارے کے عملے کا ایک رکن زخمی ہوا۔

تیدروس ادھانوم نےکہاکہ انہیں یمن سے نکلنے کےلیے صنعا ایئرپورٹ کی مرمت کا انتظار کرنا ہوگا۔

دوسری جانب یمنی میڈیا کا بتانا ہےکہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد مارے گئے اور 16 زخمی ہوئے۔

غزہ میں فلسطینی ٹی وی چینل کی گاڑی پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 5 صحافی شہید

حوثی گروپ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتےہوئے اسے جرم قرار دیا ہے جب کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہےکہ حوثیوں کےخلاف اسرائیلی حملے ’کام مکمل ہونے تک‘ جاری رہیں گے۔

Back to top button