پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا تیسرا رابطہ، سیز فائر برقرار رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان تیسرا رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں فریقین نے سیز فائر کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز ( ڈی جی ایم او ) میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارت کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائے نے لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کو برقرار رکھنے اور پہلےرابطے کے دوران طے کیےگئے ’اسٹیٹس کو‘ کو قائم رکھنےپر اتفاق کیا ہے۔
اگرچہ ڈی جی ایم اوز کے درمیان اس ہاٹ لائن رابطے کی تفصیلات ابھی تک کسی بھی جانب سے باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم ذرائع نےبتایا ہےکہ دونوں ڈی جی ایم اوز نے پیر کو ہونےوالے سابقہ رابطے کی بنیاد پر امن قائم رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور اس پر اتفاق رائے ظاہر کیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ جنگ بندی امریکا اور دیگر دوست ممالک کی کوششوں سے ممکن ہوئی تھی۔
دریں اثناء سفارتی ذرائع نے کے مطابق دنیا کے کئی اہم دارالحکومت دونوں ممالک سے مسلسل رابطےمیں ہیں اور ان پر زور دےرہے ہیں کہ وہ کشیدگی کو بڑھانےسے گریز کریں اور جلد از جلد اعتماد سازی کے اقدامات کریں تاکہ باضابطہ اور اعلیٰ سطحی مذاکرات کی راہ ہموار کی جاسکے۔
بھارت کی جانب سے ناپسندیدہ شخصیت قرار دیےجانےوالےپاکستانی سفارتی اہلکار وں کی وطن واپسی
ذرائع کاکہنا ہےکہ اس سلسلےمیں کئی تجاویز زیرغور ہیں۔ پاکستان کے لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور بھارت کے اجیت ڈوول پر مشتمل نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز کی سطح پر ملاقات متوقع ہے، کیوں کہ دونوں کے درمیان ابتدائی بات چیت ہوچکی ہے۔یہ دونوں شخصیات ایک ایسی حکمت عملی طے کرسکتے ہیں جو سیاسی سطح پر مربوط مذاکرات کی بحالی کا ذریعہ بنے،جیسا کہ ماضی میں کئی برسوں تک اسلام آباد اور نئی دہلی میں سیکریٹری خارجہ سطح پر ہوتا رہا۔