پی سی بی نے سرفراز نواز کی پنشن بحال کر دی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق فاسٹ بائولر سرفراز نواز کی پنشن بحال کر دی ہے، اس حوالے سے پی سی بی چیئرمین ذکا اشرف سے سرفراز نواز نے ملاقات بھی کی ۔ملاقات کا مقصد اس معاملے کو حل کرنا تھا جس کا تعلق ان ادائیگیوں سے تھا جو جنوری 2017 ء سے سرفراز نواز کو رکی ہوئی تھیں۔  نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں مصباح الحق اور محمد حفیظ بھی موجود تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے اس موقع پر سرفراز نواز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ان کی تمام رکی ہوئی ادائیگیوں کا چیک حوالے کیا اور انہیں اپنی تمام تر حمایت کا یقین بھی دلایا۔واضح رہے کہ یہ وہ ادائیگیاں تھیں جو سرفراز نواز کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث ڈسپلنری کارروائی کے تحت روک دی گئی تھیں۔

سرفراز نواز نے چونکہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دلایا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق پر عمل کریں گے لہٰذا پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت وہ ادائیگیاں بحال کردی گئی ہیں۔ذکاء اشرف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہیں سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو اس حالت میں دیکھ کر افسوس ہوا اور وہ یہ دیکھ کر بہت ڈسٹرب ہوئے کہ سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو ان کی پنشن جیسے حق سے محروم رکھا گیا۔یاد رہے کہ سرفراز نواز نے 55 ٹیسٹ اور45 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 177 اور 63 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ان کا آسٹریلیا کے خلاف مارچ 1979 کے میلبرن ٹیسٹ کا یادگار اسپیل کوئی بھی نہیں بھول سکتا جب انہوں نے 33 گیندوں کے اسپیل میں صرف ایک رن دے کر سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس اننگ میں انہوں نے 86 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان کو یادگار جیت سے ہمکنار کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button