توشہ خانہ ٹو کیس:عمران اور بشریٰ کی اپیلوں پراعتراضات دور،نمبرلگانےکاحکم

توشہ خانہ ٹو کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیلوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر نمبر لگانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں بروقت دائر نا ہونے کا اعتراض ختم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ بانی کی بہن علمیہ خان، سلمان اکرم راجا اور انتظار پنجھوتہ بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
وکیل سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کل ہمیں توقع تھی کہ رمضان میں ہمیں کچھ ریلیف مل پاتا، کل بڑے طویل عرصے کے بعد ہم چیف جسٹس کے ساتھ ملے ہیں، میرے لیے پریشانی یہ ہے کہ مجھے طویل عرصے سے وکالت نامے نہیں مل رہے، تین سو کیسز میں وکیل ہوں۔
سلمان صفدر نے کہا کہ کل چیف جسٹس نے ہمیں یقین دہانی کروائی کہ جینوئن ایشوذ آپ کے ایڈریس ہوں گے، میں نے بوجھل دل کے ساتھ یہ درخواست دائر کی ہے یہ وکالت نامے دستخط نا کرکے دینے کی وجہ سے ہوا، اب میں نے اس معاملے پر عدالت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ آپ گھٹنے نا ٹیکیں 21 سال ہم بھی اس طرف کھڑے رہے ہیں۔
سلمان صفدر نے کہا کہ آپ ڈویژن بینچ میں بھی ایک کیس سن رہے ہیں۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس میں کہا کہ اپیل میں وکیل کو وکالت نامے کے ضرورت نہیں ہوتی، جس پر وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ آپ تو کہہ رہے ہیں لیکن دائری برانچ اس کو نہیں سنتی۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ وکالت نامے دستخط نہیں کرکے دے رہے، سلمان صفدر نے کہا کہ جی بالکل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل وکالت نامے دستخط کروا کر نہیں دے رہے۔
وکیل کے دلائل کے بعد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس اپیلوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر نمبر لگانے کا حکم دے دیا۔
