ترکیے پاکستان میں جنگی ڈرون کی فیکٹری بناناچاہتاہے،بلوم برگ کادعویٰ

Turkey wants to include Pakistan in its fighter jet program, Bloomberg

امریکی  جریدے بلوم  برگ کے مطابق ترکیے  پاکستان  میں  جنگی ڈرون  تیار کرنےکی فیکٹری بنانے کا ارادہ  رکھتا ہے  اور  پاکستان کو ففتھ  جنریشن لڑاکا طیاروں کے  پروگرام میں بھی شامل کرنا  چاہتا ہے۔

بلوم برگ کے مطابق ترکیے بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی دفاعی صنعت کو فروغ دینےکے منصوبےکے تحت پاکستان میں جنگی ڈرون اسمبل کرنےکے لیے فیکٹری بنانا چاہتا ہے۔

معاملے سے باخبر  ترک  حکام کا کہنا ہےکہ اکتوبرکے بعد سے اس منصوبے پر ہونے والی بات چیت نمایاں طور پر آگے بڑھ چکی ہے۔

نام نہ بتانےکی شرط پر حکام نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت اسٹیلتھ اور طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے ڈرون کے پرزے پاکستان برآمد ہوں گے جہاں انہیں جوڑا جائےگا۔

بلوم برگ کے مطابق  ترکیے اور پاکستانی حکام نے اس خبر پر اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

بلوم برگ کا کہناہےکہ  ترکیے مشترکہ پیداواری معاہدے کے تحت پاکستانی بحریہ کے لیے جنگی جہازوں کی تیاری پر بھی کام کر رہا ہے۔

ترکیے نے پاکستان کے درجنوں ایف-16 طیاروں کو اپ گریڈ بھی کیا ہے اور اب وہ چاہتا ہےکہ پاکستان  اس کے  ففتھ جنریشن لڑاکا  طیاروں کے پروگرام میں بھی شامل ہو۔

رپورٹ کے مطابق ترکیے نے رواں سال کئی ممالک سے دفاعی معاہدوں کا اعلان کیا ہے، جن میں انڈونیشیا کی جانب سے لڑاکا طیاروں کا  آرڈر  بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ترکیے کے سعودی عرب  اور  شام کو مزید اسلحہ فراہم کرنےکے منصوبے بھی موجود ہیں۔

ترک دفاعی صنعت کے حکومتی ادارے ایس ایس بی کے سربراہ ہالوک گورگن کے مطابق ترکیے کی دفاعی برآمدات اس سال کے پہلے 11 مہینوں میں 30 فیصد بڑھ کر 7.5 بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔