جموں و کشمیر کے معاملے پر امریکا کی کوئی پوزیشن نہیں : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کا پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے معاملے پر فوری طور پر کوئی پوزیشن نہیں لے رہے،دونوں ممالک کے درمیان صورت حال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، ہم اس پر نظر رکھے ہوئےہیں۔
پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ ہم ان لوگوں کےلیے دعاگو ہیں جن کے عزیز اس واقعہ میں مارےگئے اور دعا گو ہیں کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ بھارت میں ہونےوالے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتےہیں،امریکا بھارت کے ساتھ کھڑا ہے،حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کےکٹہرے میں لایا جائےگا۔
اس سوال پر کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنےپہلے دور صدارت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کےلیے کردار کی خواہش ظاہر کی تھی،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا کہ وہ اس معاملے پر تبصرہ نہیں کریں گی۔
ٹیمی بروس نے کہاکہ وہ اس صورت حال پر مزید کچھ بھی نہیں کہیں گی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو پہلےہی اس معاملے میں بات کر چکے ہیں۔ وہ اس ضمن میں اپنا مؤقف واضح کر چکے ہیں اس لیے وہ خود اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہیں گی۔
اس سوال پر کہ آیا ٹرمپ انتظامیہ پاکستان اور بھارت کےدرمیان بڑھتی کشیدگی کم کرانے کےلیے کوئی کردار ادا کر رہی ہے؟
ترجمان ٹیمی بروس نے کہاکہ صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے اور ہم اس پر نظر رکھےہوئے ہیں اور یقینی طور پر اس وقت ہم کشمیر یا جموں کے اسٹیٹس پر کوئی مؤقف نہیں اپنارہے۔
پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دےگا : خواجہ آصف3
یاد رہےکہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کےبعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیاہے۔