مودی کےلیے پاکستان سے جنگ ڈراؤنا خواب بن چکی ہے : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی کو بلیک میل نہیں کرتا، نیوکلیئر صلاحیت ہماری دفاعی ضمانت ہے، مودی کےلیے پاکستان سے جنگ ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔

مرکزی رہنما مسلم لیگ ن خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اب خواب میں بھی پاکستان اور پاک فوج نظر آتی ہے، اس کےلیے پاکستان سے جنگ ایک ڈراؤنا خواب بن چکی ہے، مودی دراصل اپنے ووٹرز کو خوش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے دفاع میں جنگ لڑی اور فتح حاصل کی، نریندر مودی کےلیے دوسری جنگ بھارت کے اندر ہی چل رہی ہے۔بھارت میں کانگرس سمیت چھوٹی ریاستوں کے شہری بھی مودی پر تنقید کررہے ہیں،یہاں تک کہ بھارتی عوام کہہ رہےہیں کہ مودی کے رویے نے جنگ تک نوبت پہنچائی۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہاکہ مودی ایسے بیانات دے کر اپنے گھر میں اٹھنےوالے سیاسی طوفان کو تھامنے کی کوشش کررہا ہے، لیکن پاکستان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔ڈیڑھ سال پہلے بھارت کا سیاسی و معاشی مقام کچھ اور تھا، مودی کی پالیسیوں نے وہ مقام گنوادیا۔

سینئر رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مودی کی ناکامی بھارتی اپوزیشن کےلیے موقع بن گئی ہے۔بھارت نے دہشت گردی کی پشت پناہی کی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کینیڈا اور پاکستان میں ہونےوالے دہشت گرد حملے مودی کے حکم پر ہوئے،ان کے چہرے پر دہشت گردی کا دھبہ لگ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بی ایل اے اور طالبان بھارت کی پراکسیز ہیں، اور ہمارےپاس اس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں جو عالمی فورمز پر بھی پیش کیے جاچکے ہیں۔

بی ایل اے پر پابندی: امریکہ نے پاکستان کے ساتھ چین کو بھی رام کیا

ان کا کہنا تھا کہ اگر اچھے ہمسایوں کی طرح رہاجائے تو برصغیر میں امن اور معاشی ترقی ممکن ہے۔

Back to top button