پاکستان ایئر فورس بھارتی حملوں کا جواب کب اور کیسے دینے والی ہے؟

باخبر عسکری ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے 5 بھارتی جہاز گرانے کے باوجود ابھی انڈیا کی جانب سے ہونے والے میزائل حملوں کا جواب دینا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ بھارتی جنگی جہاز گرا کر پاکستان نے جو فوری ردعمل دیا وہ صرف ابتدائی ٹریلر ہے۔ اب جب کہ قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستانی افواج کو بھارتی حملوں کا جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے تو یہ حق یقیناً استعمال کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے لیے وقت جگہ اور طریقہ کار کا انتخاب فوجی قیادت اپنی مرضی سے کرے گی۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈیا کے جدید ترین رافیل طیارے گرا کر پاکستان ائیر فورس نے اپنی حیران کن برتری ثابت کی ہے جسے سراہنا چاہیے کیونکہ دنیا کے مہنگے ترین فائٹر طیارے مار گرانا غیر معمولی بات ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس مہنگے اور جدید ترین رافیل طیارے موجود ہیں جو فرانس سے کئی ارب ڈالرز کی ڈیل کے بعد لیے گئے تھے۔ رافیل جدید ترین الیکٹرانک وار فیئر کا بہترین جنگی طیارہ سمجھا جاتا ہے، جس کا تعلق فور پلس پلس جنریشن سے ہے، رافیل جہاز میں فضا سے فضا میں مار کرنے والا کروز میزائیل بھی موجود ہوتا ہے جو 200 کلو میٹر تک کے فاصلے سے اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت نے مریدکے، مظفرآباد اور بہاولپور میں جن مقامات کو نشانہ بنایا وہ رافیل جہاز سے چلائے گئے میزائلوں کی وجہ سے ممکن ہوا کیونکہ اس جہاز کو ریڈار پر تلاش کرنا آسان نہیں۔ رافیل طیارے کا جدید ترین اینٹی میزائل اور اینٹی ریڈار سسٹم ’سپیکٹرا ‘ کہلاتا ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اسکا ریڈار سسٹم جام نہ ہو۔ لیکن ایک عجیب بات یہ ہے کہ پاکستان نے جو تین بھارتی رافیل طیارے تباہ کیے ہیں انکے ریڈار سسٹم جام کر دیے گئے تھے۔
پاکستان ایک مکمل جنگ کےلیے تیار ہے : خواجہ آصف
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے محدود وسائل کے مطابق بھارتی فضائی قوت کو کاؤنٹر کرنے کے انتظامات کیے تھے۔ اس مقصد کے لیے چینی ساختہ جے 10 سی ڈریگن جہاز بھی خریدا تھا، جبکہ جے ایف 17 تھنڈر جہاز پاکستان کے پاس پہلے سے موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے جے 10 سی ڈریگن سے داغے گئے چینی ساختہ پی ایل 15 میزائلوں کے ذریعے تینوں بھارتی رافیل طیاروں کو گرایا ۔ بھارت کا روسی ساختہ سخوئی 30 جنگی جہاز بھی اچھا خاصا جدید طیارہ ہے، جس کا مقابلہ بھی آسان نہیں۔ تاہم پاکستانی فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک سخوئی 30 جہاز بھی مار گرایا، اس کے علاوہ ایک بھارتی مِگ 29 طیارہ بھی تباہ ہوا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے، خصوصا جب پاکستانی طیاروں نے بھارتی فضائی حدود بھی عبور نہیں کی، پاکستانی ایئر فورس کے جہازوں نے اپنی فضا میں رہتے ہوئے کمال مہارت سے بھارتی رافیل جہازوں کو مار گرایا۔ یہ کارروائی پاکستانی ائیر فورس کی بھارت پر برتری کا واضح ثبوت ہے۔ یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد فرانس کے رافیل طیارے بنانے والی کمپنی کے شیئرز گر گئے ہیں جبکہ چینی جے 10 سی جہاز بنانے والی کمپنی کے شیئرز کی قیمت دنیا بھر میں بڑھ گئی ہے۔