چیمپئنز کا چیمپئن کون؟ معرکہ آرائی کا آج سے آغاز

پاکستان کا آئی سی سی کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کا خواب 29 سال کے طویل انتظار کےبعد آج پورا ہونے جا رہا ہے، پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا آج سےباقاعدہ آغاز ہو رہا ہے اور ایونٹ کےپہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
شہر قائد کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کو جانےوالے راستوں کو چیمپیئنز ٹرافی کی برانڈنگ سے سجایاگیا ہے جب کہ اسٹیڈیم کو سبز اور نیلے رنگوں سے سجایا گیاہے۔میچ سےقبل ایک رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد کی جائےگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے مطابق کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری ہوں گے، جب کہ پاک فضائیہ کا شیر دل دستہ فضائی کرتب دکھائےگا۔
علاوہ ازیں، آئی سی سی نے چیمپئنزٹرافی میں شریک ٹیموں کےکپتانوں کا اینی میٹڈ پرومو بھی جاری کر دیا ہے۔ویڈیو میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان سمیت تمام کپتانوں کے اینی میٹڈ کیریکٹرز پیش کیےگئے ہیں،منفرد انداز میں کپتانوں کا فیورٹ شاٹ بھی دکھایاگیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کےمطابق پاکستان چیمپئنز ٹرافی کےلیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اپ گریڈیشن کےبعد تینوں اہم اسٹیڈیمز کی حالت بدل چکی ہے،اب فیلڈ میں بہترین کھیل سے گرین شرٹس کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کےاعزاز کا دفاع کرناہے بلکہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی توقعات کو بھی پورا کرنا ہوگا۔
پاکستان کے کپتان محمد رضوان پر عزم ہیں اور ان کاکہنا ہےکہ ٹیم سے توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں،لیکن سینئر کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔
قبل ازیں بھارت اور بنگلہ دیش کےعلاوہ چیمپیئنز ٹرافی کی تمام ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جب کہ بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کےخلاف اپنا پہلا میچ دبئی میں کھیلےگی۔
پاکستان اس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کےخلاف کھیلےگی جس کا شائقین کرکٹ کو شدت سے انتظار ہے۔
انیس فروری سے نو مارچ تک جاری رہنےوالے اس ایونٹ میں کرکٹ کے دیوانوں کےلیے سنسنی خیز مقابلے دیکھنےکو ملیں گے۔چھکے، چوکے لگیں گے،وکٹیں گریں گی، اور میدان میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملےگا۔
چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب شاندارہوگی،محسن نقوی
یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا یہ ایونٹ اس لیے بھی زیادہ اہم ہےکہ پاکستان 1996 کے ورلڈ کپ کےبعد پہلی بار آئی سی سی کےکسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے اور وہ اس ایونٹ کا دفاعی چیمپیئن بھی ہے۔