’مجھے کیوں نکالا‘، شیر افضل کے اسمبلی میں اپنی پارٹی کے خلاف نعرے بازی

پی ٹی آئی سے نکالےجانے پر رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی جانب سے آج قومی اسمبلی میں ردعمل کا اظہار کیاگیا ہے۔شیر افضل مروت نے تحریک انصاف کے خلاف مجھے کیوں نکالا کا نعرہ بلند کردیا۔
قومی اسمبلی میں رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت توجہ کا مرکز بن گئے، شیر افضل مروت آج اپوزیشن گیٹ سے ایوان میں آنےکے بجائے حکومتی گیٹ سے داخل ہوئےجب کہ ان کی اسمبلی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اسپیکر نے موبائل کمپنیوں کے ضم ہونے پر ضمنی سوال کرنےکا کہا تو شیر افضل مروت نے کہاکہ میرا سوال تو ابھی صرف اپنے لوگوں سے ہے کہ مجھے کیوں نکالا ہے۔
شیر افضل مروت کےمختصر نکتہ اعتراض پر حکومتی ارکان نے قہقہےلگائے لیکن پی ٹی آئی اراکین خاموش رہے۔
اس موقع پر حکومتی اراکین نے بھی شیر افضل کا ساتھ دیتےہوئے کہا مروت کو کیوں نکالا؟ انہوں نے ظالموں جواب دو،مروت کو حساب دو کےنعرے لگائے جب کہ حکومتی اراکین نے بیرسٹر گوہر کو دیکھ کر کہاکہ آپ بھی میرا ساتھ دیں۔
اسمبلی کی کارروائی کے دوران مسلم لیگ (ن)کے رکن حنیف عباسی نے ہلک پھلکے انداز میں شیر افضل مروت سے کہاکہ ہم آپ کے ساتھ ہیں،پی ٹی آئی میں واپس بھجوائیں گے۔