آئٹم سونگ کرنے والی ماہرہ خان کو آئٹم سونگ کیوں پسند نہیں؟

بھارت اور پاکستان کی کئی فلموں میں آئٹم سونگ کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انہیں فلموں میں آئٹم سونگ کرنا پسند نہیں ہے۔
‘’قائداعظم زندہ باد‘‘ کی تشہیر میں مصروف اداکارہ نے کہا کہ مجھے آئٹم نمبر کا لفظ ہی سمجھ نہیں آتا، میں نے پچھلے سال ایک آئٹم سانگ نوری کیا تھا لیکن وہ فلم کے لیے انتہائی ضروری تھا، وہ گانا فلم کے اسکرپٹ کا حصہ تھا کیونکہ کہانی ہی کچھ ایسی تھی لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کسی فلم کے لیے آئٹم سانگ اہمیت رکھتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اسی فلم میں کام کرنے پر راضی ہوتی ہوں جس کا اسکرپٹ اور اپنا کردار مجھے پسند آتا ہے، لیکن مجھے اپنے لیے آئٹم نمبر کرنا ٹھیک نہیں لگتا، واضح رہے کہ ماہرہ خان کا گانا ’’نوری‘‘ ان کی فلم سپر سٹار میں شامل ہے جس میں ماہرہ خان کے ہمراہ بلال اشرف نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان صرف پاکستانی فلم انڈسٹری تک ہی محدود نہیں بلکہ بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کے ساتھ بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان کی فلم رئیس کو بھارت میں بے حد سراہا گیا تھا۔
اداکارہ نے فلموں میں آنے سے قبل پاکستانی ڈراموں سے خوب شہرت حاصل کی، ان کے مقبول ڈراموں میں نیت، ہمسفر، شہر ذات، کوک کہانی، صدقے تمارے، بن روئے، میں منٹو، ہم کہاں کے سچے تھے، ایک ہے نگر اور دیگر شامل ہیں۔ اسکے علاوہ انہوں نے بول، منٹو، ہو من جہاں، ایکٹر ان لا، رئیس، ویرنا، سات دن محبت ان، پرے ہٹ لو، سپر سٹار، دی لیجنڈ آف مولا جٹ، قائداعظم زندہ باد، اور نیلو جیسی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کا سکہ منوایا ہے۔

Related Articles

Back to top button