اداکارہ سجل علی نے شادی کو جوا قرار دے دیا

پاکستان اور عالمی سطح پر اپنی لاجواب اداکاری سے نام بنانے والی اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ شادی محبت کی ہو یا والدین کی مرضی کی لیکن ایک بات طے ہے کہ شادی رسک لینے اور جوا کھیلنے کا نام ہے۔ اداکارہ کے مطابق سنگل لائف کا کوئی جوڑ نہیں کیونکہ بندہ اکیلا زیادہ خوش رہتا ہے۔

 

سجل علی اور اداکار احد رضا میر نے سال 2020 میں شادی  کی تھی لیکن 2022 کے شروع میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی، سجل اور احد کی علیحدگی کی تصدیق رواں برس مارچ میں معروف خاتون صحافی آمنہ عیسانی نے کی تھی۔ تاہم دونوں کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔

حال ہی میں سجل علی نے اپنی برطانوی فلم What’s Love Got To Do With It کی نمائش کے لیے جدہ میں ہونے والے ’ریڈ سی فلم فیسٹیول‘ میں شرکت کی جس میں انکے ہمراہ فلم کی پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ بھی تھیں۔

 

اس موقع پر سجل سے شادی بارے سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر محبت کی شادی کو زیادہ بہتر سمجھتی ہیں۔ سجل سے پوچھا گیا کہ کیا شادی اپنی پسند سے کرنی چاہئے یا پھر ارینجڈ یعنی گھر والوں کی مرضی سے؟ جواب میں سجل نے ہچکچاتے ہوئے قہقہہ لگایا، اور کہا کہ میرے لیے یہ طے کرنا قبل از وقت ہوگا کہ محبت کی شادیاں زیادہ بہتر ہوتی ہیں یا گھر والوں کی پسند سے کی جانے والی شادیاں اچھی ہوتی ہیں، چاہے لو ہو یا ارینجڈ، شادی ایک رسک ہے اور ایک جوا ہے۔

 

واضح رہے کہ فلم ’What’s Love Got To Do With It‘ جمائمہ کی عمران خان کے ساتھ محبت اور شادی کی کہانی کے علاوہ پاکستان میں گھر والوں کی مرضی سے شادی کرنے کی روایت سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے۔اس فلم کو 27 جنوری 2023 کو برطانیہ کے سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا، اس کے علاوہ دنیا بھر میں اس فلم کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا۔

عمران خان کی سابقہ اہلیہ پروڈیوسر جمائما نے اپنی فلم ’واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی ہیروئن، اداکارہ سجل علی سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ جمائما نے سجل کی ایک مختصر سی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی جس میں سجل پاکستانی ثقافت سے متعلق بات کر رہی ہیں، جمائما نے اپنی اس ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ میں سجل علی سے پیار کرتی ہوں، مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا ہے کہ کب عوام سجل کو ہماری فلم میں دیکھ سکیں گے، جمائما کی یہ ٹوئٹ سجل علی کی جانب سے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔

Related Articles

Back to top button