اداکارہ صبا فیصل نے بہو اور بیٹے سے قطع تعلق کیوں کیا؟

فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ صبا فیصل نے اپنی بہو کے رویے سے تنگ آ کر آخر کار اپنے بیٹے سلمان اور بہو سے قطع تعلقی کا اعلان کر دیا، انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں درد بھری آواز میں بتایا کہ جب ایک ماں ایسا بیان دیتی ہے تو آپ اس کے کرب اور دُکھ کو سمجھ سکتے ہیں، لیکن اب میرے پاس اس کے سوا اور کوئی راستہ باقی نہیں بچا تھا۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ صبا فیصل کے بیٹے اور بہو کے درمیان طلاق ہو چکی ہے جس کی اداکارہ نے تردید کی تھی لیکن اب انہوں نے بیٹے اور بہو سے لاتعلقی کا اعکان کر دیا ہے۔
صبا فیصل نے انسٹا گرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے گھر کے پرائیویٹ معاملات کا یوں کبھی تذکرہ نہیں کیا لیکن اب مجبوراً مجھے ایسا کرنا پڑ رہا ہے، لوگ مجھے میری بہو نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں، میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے اور کبھی ایسے گند میں نہیں پڑی جس میں اب مجھے الجھا دیا گیا ہے۔صبا نے کہا کہ جب کسی خاندان میں نیہا جیسی منفی عورت آ جاتی ہے تو گھر ٹوٹنا شروع ہو جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں پچھلے چار سال سے اپنے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں، میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا ایسی عورت کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا، میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گی لیکن آپ لوگ اس ویڈیو سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ میں کن مشکل حالات سے گزر رہی ہوں گی۔
صبا فیصل نے کہا کہ میں بس اتنا کہوں گی کہ میرا نیہا سے کوئی تعلق واسطہ نہیں رہا ہے، میرے بیٹے نے اسی کے ساتھ رہنا ہے، اس لیے اس سے بھی میرا، میری بیٹی اور شوہر کا کوئی تعلق نہیں رہا۔صبا فیصل کا کہنا تھا کہ بہت سے سوشل میڈیا پیجز نے نیہا کی پوسٹس شیئر کیں اور گالیاں بھی مجھے دیں۔ ماضی میں ہم لوگ اس لیے خاموش رہے کہ ہم کچھ بھی کہتے یا کرتے تو بات وائرل ہو جاتی تھی۔ اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر میں باتوں کی گہرائی میں گئی تو لوگ تھو تھو کریں گے، اسی لیے میں صرف یہ ہی کہہ رہی ہوں میں نے اپنے بیٹے اور بہو سے لاتعلقی اختیار کرلی ہے اور اب میں ان دونوں کے کسی قول و فعل کی ذمہ دار نہیں ہوں۔