اداکار حسن احمد، اہلیہ سنیتا مارشل کو مسلمان کرنے کے خواہاں

اداکار حسن احمد نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اہلیہ سنیتا مارشل کو مسلمان کرنے کے خواہاں ہیں لیکن اس کے لیے مناسب وقت کا انتظار کر رہے ہیں، کیونکہ ہر چیز کا وقت مقرر ہوتا ہے، میں اہلیہ کے مذہب سے متعلق سوالات سے اکتا گیا ہوں۔اداکار حسن احمد نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اپنے کیریئرکے اتار چڑھاؤ، ذاتی زندگی اور سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے کھل کر بات کی، اور بتایا کہ سنیتا کے ساتھ میری شادی کو 15 سال ہوگئے ہیں، شادی کے ابتدائی 3 سے 4 سالوں کے دوران بہت مشکل پیش آئی، معاملات ٹھیک نہیں تھے، میرا مزاج بہت سخت ہو گیا تھا، چیزوں کو سمجھ نہیں پا رہا تھا لیکن تھراپی کے بعد مجھے کافی چیزوں کا احساس ہوا اور ان میں بہتری لانے کی کوشش کی۔انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولنگ پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ مجھے صرف اس وجہ سے ٹرول نہیں کر سکتے کہ میں نے ایک غیر مسلم سے شادی کی، ہاں، میری بھی خواہش ہے کہ سنیتا مذہب تبدیل کر لے لیکن مذہب کی تبدیلی کے لیے اچھے اور متاثرکن کردار کی زیادہ ضرورت ہے، میں ایک باعمل مسلمان ہوں اور میرا کردار انہیں مذہب تبدیل کرنے یا نہ کرنے کے لیے متاثر کر سکتا ہے اگر میں نماز پڑھتا ہوں اور اپنے دین پر عمل کرتا ہوں اور ساتھ میں غصہ بھی کر رہا ہوں تو دوسرا انسان یہی سمجھے گا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔حسن احمد نے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ وقت نکل گیا ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ مجھے اللہ پر یقین ہے، مجھے معلوم ہے ایک دن ایسا ضرور ہوگا، اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ کوئی انسان غلط بول رہا ہے تو سوشل میڈیا پر اس کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال نہیں کرنا چاہئے، میں نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات اور احساسات کا اظہار کرنا کم کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’شوبز انڈسٹری سے منسلک کوئی انسان جب شادی کرتا ہے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی زندگی کی ہر بات سوشل میڈیا پر شئیر کریں گے لیکن میں ایسا نہیں سمجھتا، میں اپنی اہلیہ، بچے اور فیملی کی ذاتی زندگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر بات نہیں کرنا چاہتا۔انٹرویو کے دوران حسن احمد نے تسلیم کیا کہ ایک وقت تھا جب انہوں نے 6 سے 7 ماہ تک ڈراموں سے بریک لیا ہوا تھا لیکن اس دوران انہیں کسی کام کی آفر بھی نہیں ہوئی تھی، وہ مختلف اشتہارات اور بطور ماڈل کام کر رہے تھے لیکن ڈراموں میں کام کرنے کے حوالے سے ان کا بُرا وقت چل رہا تھا۔حسن احمد اور سنیتا مارشل نے 2008 میں شادی کی تھی، دونوں کا مذہب مختلف ہے۔حسن احمد کا تعلق مذہب اسلام جب کہ سنیتا مارشل مسیحیت کی پیروکار ہیں اور دونوں کی شادی کو 15 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔دونوں کے 2 بچے بھی ہیں، جن میں سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔

Related Articles

Back to top button