بھارتی سپر سٹارشرمیلا ٹیگور کی فلمی دنیا میں واپسی

 ماضی کی مقبول بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور 12 برس بعد فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں، بہت جلد مداحوں کو بڑے پردے پر صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں گی۔

انڈین ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق ایوارڈ یافتہ اداکارہ اور بالی وڈ سٹار سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور کی 12 برس بعد سینما میں واپسی ہو رہی ہے، ان کے فلمی سفر کا دوبارہ آغاز راہل چٹیلا کی فلم ’گل مہر‘ سے ہو رہا ہے جس میں بالی وڈ کے دیگر بڑے اداکار بھی نظر آئیں گے۔گل مہر میں بالی وڈ کے نامور اداکار منوج باجپائی کے علاوہ امول پالیکر، سمرن اور سعرج شرما بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جبکہ اس کا میوزک ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے کمپوزر سدھارتا کھوسلا نے ترتیب دیا ہے۔

منوج باجپائی نے جب شرمیلا ٹیگور سے فلمی دنیا میں واپسی سے متعلق سوال کیا تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’وہ تھوڑا سا گھبرائی ہوئی ہیں ‘ جس پر منوج باجپائی نے شرمیلا ٹیگور سے کہا کہ وہ پرانی منجھی ہوئی اداکارہ ہیں اور لیجنڈ کا درجہ رکھتی ہیں۔شرمیلا ٹیگور نے جواب دیا ’میں لیجنڈ نہیں ہوں۔ اس فلم میں، میں نے آپ کی والدہ کا کردار ادا کیا ہے تو تھوڑی بہت اداکاری مجھے آتی ہے، پٹودی خاندان کی بہو شرمیلا ٹیگور نے کہا کہ طویل وقفے کے بعد، فلم کے سیٹ پر واپس آنے پر بہت خوش ہوں جو میرے لیے ایک جانی پہچانی جگہ ہے۔

میں نے فوراً ہی گل مہر کی ٹیم کا حصہ بننے کی حامی بھر لی تھی، یہ ایک ایسا فیملی ڈرامہ ہے جس کی بہت سی تہیں ہیں اور اس میں آپ گم ہو جاتے ہیں، مجھے یقین ہے لوگ ایک ساتھ بیٹھ کر اسے دیکھنا پسند کریں گے، ’گل مہر‘ رواں برس تین مارچ کو انٹرنیٹ سٹریمنگ سروس ڈزنی ہاٹ سٹار پر ریلیز کی جائے گی۔

Related Articles

Back to top button