جھانوی کپور نے 3 خانز کی ہیروئن بننے سے انکار کیوں کیا؟


آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بڑی صاحبزادی اور نوجوان اداکارہ جھانوی کپور نے خود سے 28 سال بڑے بالی ووڈ خانز کی ہیروئن بننے سے انکار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں ان کے ساتھ کام ضرور کروں گی لیکن ہیروئن کے طور پر نہیں۔ جھانوی کپور نے 2018 میں ’دھڑک‘ نامی فلم سے والدہ کی وفات سے چند ماہ بعد اداکاری کا آغاز کیا تھا، سری دیوی فروری 2018 میں متحدہ عرب امارات کے ایک پرتعیش ہوٹل میں نہانے کے دوران باتھ ٹب میں ڈوب کر گزر گئی تھیں۔ جھانوری کپور نے 21 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اب تک ان کی پانچ فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں، جس میں سے پانچویں فلم ’’گڈ لک جیری‘‘ کو جولائی کے آخر میں ’’ڈزنی پلس ہوٹ اسٹار‘‘ پر ریلیز کیا گیا تھا۔
فلم کی ریلیز کے بعد حال ہی میں ایک انٹرویو میں جھانوی نے بالی ووڈ خانز کے ساتھ کام کرنے پر بھی کھل کر بات کی اور تینوں خانز کی تعریفیں کیں۔ جھانوی کپور سے پوچھا گیا کہ وہ بالی ووڈ خانز یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی؟ اس پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے اقرار میں جواب دیا اور کہا کہ ایسا کون سا اداکار ہے جو تینوں خانز کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں کرے گا؟ اداکارہ نے بتایا کہ وہ تینوں خانز کے ساتھ یقینی طور پر کام کرنا پسند کریں گی مگر ان کے خیال میں وہ ان کی ہیروئن نہیں بن سکتیں، ایسا کرنا کچھ عجیب سا ہوگا۔
اداکارہ نے واضح طور پر تینوں خانز کو خود سے دگنی عمر کے اداکار قرار نہیں دیا، تاہم ان کی اور اپنی عمر کے فرق کو دیکھتے ہوئے ہی ان کی ہیروئن بننے کے خیال کو مسترد کیا۔ جھانوی کپور کی عمر 25 برس ہے جبکہ تینوں خانز ان سے عمر میں 27 سے 28 سال زائد العمر ہیں، لیکن جھانوی کپور کی والدہ سری دیوی کسی نہ کسی طرح تینوں خانز کے ساتھ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔جھانوی کپور نے مزید کہا کہ وہ تینوں خانز سے مل چکی ہیں جو دکھنے میں نوجوان اور کم عمر لگتے ہیں جب کہ ان کا کام اتنا شاندار ہوتا ہے کہ ان کے زائد العمر ہونے کا احساس تک نہیں ہوتا۔ دوران انٹرویو جھانوی کپور نے یہ بھی کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ان کی جوڑی رنبیر کپور اور ورون دھون جیسے اداکاروں کے ساتھ اچھی لگتی ہے۔ یاد رہے کہ جھانوی کپور جلد ورون دھون کے ساتھ ’بون‘ نامی فلم میں دکھائی دیں گی۔

Related Articles

Back to top button