علیزے سے طلاق کے بعد فیروز خان نے گلوکاری شروع کردی

حال ہی میں اپنی اہلیہ کے ہاتھوں طلاق کا صدمہ سہنے والے معروف اداکار فیروز خان نے خاموش بیٹھنے کے بجائے ’ریپر‘ گلوکاری شروع کر دی ہے اور اپنا پہلا گانا بھی شیئر کر دیا ہے۔ فیروز خان معروف پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک کے بھائی ہیں۔ فیروز اور ان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان کے درمیان ستمبر 2023 میں طلاق ہو گئی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، ان کے دو بچے ہیں۔ طلاق کے بعد فیروز خان نے بچوں کی حوالگی جب کہ ان کی سابق اہلیہ نے بچوں کے اخراجات کا کیس دائر کیا تھا اور ان کے دونوں کیسز کراچی کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ دونوں کیسز کے دوران علیزے فاطمہ سلطان نے اکتوبر کے آخر میں ہونے والی سماعت کے دوران خود پر فیروز خان کے تشدد کی تصاویر اور میڈیکل رپورٹ سمیت پولیس رپورٹ بھی جمع کروائی تھی، جس کے بعد ان کی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد عام لوگوں سمیت شوبز شخصیات نے بھی فیروز خان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ فیروز خان نے سابق اہلیہ پر تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں یہ درخواست بھی دائر کی تھی کہ عدالت میں تشدد کے جھوٹے شواہد پیش کیے گئے۔
فیروز خان نے خود پر سابقہ بیوی پر تشدد کے الزامات اور تنازعات پر مخالفین کو کرارا جواب دیتے ہوئے خاموش بیٹھنے کے بجائے گلوکاری کا آغاز کردیا اور انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل لاؤنچ کرنے کے بعد اس پر پہلا گانا بھی جاری کردیا۔ فیروز خان نے ’مانگیں سب کی خیریں‘ کے عنوان سے گانا جاری کیا اور اسے چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے دیکھ لیا۔ انہوں نے گانے کو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گانے کی شاعری اور کمپوزنگ احمد مرتضیٰ نے ترتیب دی ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر بھی اس حوالے سے پوسٹس شیئر کیں، جس پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فیروز خان کی جانب سے تنازعات کے دوران گانے کو جاری کرنے پر ان کی بہن اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ تین برس پہلے فیروز خان اور ان کی بہن حمائمہ ملک نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر کے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے مولانا طارق جمیل کے ہاتھ پر بیعت کر لی تھی اور یہ اعلان کیا تھا کہ اب وہ خود کو صرف اسلام کی تبلیغ کے لیے وقف کر دیں گے۔ تاہم بعد ازاں دونوں نے دوبارہ سے شوبز کا رخ کرلیا۔

Related Articles

Back to top button