معروف یوٹیوبر رضا سموں شادی کے بندھن میں بندھ گئے

آخر یوٹیوب صارفین اور مداحوں کا طویل انتظار ختم ہو گیا ہے کیونکہ سوشل میڈیا سٹار اور اداکار رضا سموں شادی کے بندھن میں بندھ گئے، رضا شادی کے بعد لاہور سے کراچی منتقل ہوگئے ہیں اور اب وہیں سے اہلیہ کے ساتھ ملکر وی لاگز بنایا کریں گے۔ رضا سموں نے اپنی یوٹیوب ویڈیوز میں کراچی منتقلی بارے مداحوں کو آگاہ کیا ہے، تاہم انہوں نے اپنی ہونے والی دُلہن بارے مداحوں کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔

 

یوٹیوبر نے ستمبر کے شروع میں اپنی شادی سے متعلق ولاگز اور ویڈیوز میں بات کرنا شروع کی تھی اور شادی کی خریداری کی ویڈیوز بھی بنائی تھیں۔ تاہم 21 نومبر کو انہوں نے اپنی دُلہن مونا کے ہمراہ ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کی۔ یوٹیوب پر شادی کی ویڈیو شیئر کرنے سے قبل انہوں نے انسٹاگرام پر شادی کی تصدیق کی تھی اور شادی کی تصاویر کو بھی شیئر کیا تھا، جس پر معروف سوشل میڈیا اسٹارز سمیت شوبز شخصیات نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی تھی۔

 

شادی کے موقع پر رضا سموں نے روایتی انداز میں پگڑی پہنی اور سفید لباس کا انتخاب کیا۔ ان کی دُلہن نے روایتی سرخ رنگ کا عروسی لباس پہنا، شادی کے بعد دلہن مونا نے بھی انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کیں، جس پر مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی۔ شادی کے بعد یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو میں رضا سموں اور ان کی دُلہن مونا نے ایک دوسرے سے محبت ہوجانے اور شادی کرنے کا قصہ بھی بتایا، رضا سموں کی دُلہن نے بتایا کہ 2020 میں انہوں نے کرونا لاک ڈاؤن کے دوران فیس بک پر رضا سموں کا فیس بک پیج دیکھا تو وہ دیکھتی ہی رہ گئیں، اس سے قبل انہوں نے رضا کی کچھ اور ویڈیوز بھی دیکھ رکھی تھیں مگر کرونا لاک ڈاؤن کے دوران ان کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد وہ ان پر فدا ہوگئیں، مونا نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے رضا کا پورٹریٹ بنایا اور ان کے دوست کی مدد سے ان تک پہنچایا۔ یوں انکی رضا سموں کی بہن سے دوستی ہوگئی۔

مونا نے اعتراف کیا کہ اس وقت تک رضا سموں انہیں اچھے لگنے لگے تھے مگر انہوں نے یوٹیوبر سے اظہار محبت نہیں کیا، رضا نے بتایا کہ ان کی بہن نے ایک دن مونا کی تصویر انہیں واٹس ایپ پر بھیجی اور کہا کہ ان سے شادی کرلو۔ یوٹیوبر نے بتایا کہ انہوں نے پہلے بہن کی بات کو مذاق میں اڑادیا لیکن پھر جب انہوں نے مونا کی تصویر کو بار بار غور سے دیکھا تو انہیں وہ اچھی لگنے لگیں۔ رضا سموں نے بتایا کہ پھر کچھ عرصے بعد انہوں نے مونا کو سوشل میڈیا پر میسیج کیا کہ کیا ہم شادی کر لیں؟ مونا نے بتایا کہ رضا سموں کا شادی کا میسیج ملنے کے بعد وہ دنگ رہ گئیں اور انہیں یقین ہی نہیں آیا کہ وہ حقیقت میں یوٹیوبر کا پیغام پڑھ رہی ہیں، رضا نے بتایا کہ ان کی دلہن کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ شادی کے بعد اب کراچی منتقل ہو چکے ہیں اور وہیں سے ہی کام کریں گے، دونوں نے یہ بھی بتایا کہ اب وہ مستقبل میں مل کر ویڈیوز اور ولاگز بنائیں گے۔

Related Articles

Back to top button