کیا ملائکہ اروڑا نے ارجن کپور سے شادی کے لئے ہاں کر دی؟


بھارتی اداکارہ ملائکہ اڑورا نے اپنے انسٹا گرام پر ’’ہاں کردی‘‘ کی پوسٹ کیا شیئر کی جیسے سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہوگیا، ایک طرف مداح دوسری شادی کی قیاس آرائی کرتے رہے تو دوسری طرف مبارکبادوں کے پیغامات کی بھرمار رہی۔

ملائکہ اڑورا نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے ہاں کہہ دی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ کو مبارک باد کے پیغامات وصول ہونا شروع ہوگئے۔ اداکارہ کی جانب سے منگنی کی انگوٹھی یا بوائے فرینڈ ارجن کپور کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا لیکن لوگوں نے انہیں ڈھیروں مبارک باد کے پیغامات دینا شروع کر دیئے ہیں، ملائکہ اڑورا کی پوسٹ پر اداکار کرن ٹیکر نے لکھا ’واہ! واہ! واہ!‘ جبکہ اداکارہ زرین خان نے لکھا ’مبارک ہو‘۔

البتہ مداح اسی تجسس میں مبتلا ہیں کہ ملائکہ اڑورا کس بات کی جانب اشارہ کر رہی ہیں، ایک صارف نے پوچھا ’انگوٹھی کہاں ہے؟‘ جبکہ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’کس بات کے لیے ہاں کہا ہے؟ یہ بھی خیال کیا جارہا ہے کہ اداکارہ کی یہ پوسٹ ایک برانڈ کی پروموشن لگتی ہے کیونکہ اس سے قبل ارجن کپور پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں کہ ان کا ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ارجن کپور نے بھارت کے مشہور پروگرام ’کافی وِد کرن سیزن 7‘ میں میزبان کرن جوہر سے کہا تھا کہ وہ ابھی اپنے مستقبل کا سوچ رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن اور کووڈ کو دو سال ہوچکے ہیں، میں صرف اپنے مستقبل پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔ ارجن کپور نے کہا کہ میں بہت حقیقت پسند انسان ہوں، ایسا نہیں ہے کہ مجھے کچھ چھپانے کی ضرورت ہے، میں پیشہ ورانہ طور پر مستحکم ہونا چاہتا ہوں، میں مالی طورپر نہیں بلکہ جذباتی طور پر بات کر رہا ہوں، میں ایسا کام کرنا چاہوں گا جس سے مجھے خوشی ملے، کیونکہ اگر میں خوش ہوں تو میں اپنے ساتھی کو خوش کر سکتا ہوں، میں ایک خوشگوار زندگی گزار سکتا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ مجھے اپنے کام سے خوشی ملتی ہے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بالی ووڈ اداکار ارجن کپور اور ڈانسر کوئین ملائکہ اروڑا کو ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے، دونوں کو ساتھ دیکھے جانے کے بعد ان کی جانب سے شادی کا پروگرام بنانے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ 27 اکتوبر 2018 کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ 45 سالہ ملائکہ اروڑا خود سے 11 سال چھوٹے ارجن کپور سے شادی کرلیں گی، یہ دونوں اداکار متعدد ایونٹس اور مقامات پر ایک ساتھ نظر تو آئے، تاہم پوچھنے کے باوجود ان دونوں نے کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ یاد رہے کہ ملائکہ اروڑا کو سوشل میڈیا پر خود سے 11 برس چھوٹے ارجن کپور سے تعلق رکھنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

Related Articles

Back to top button