اب بھارتی ہیروئنز کو اپنی شادی کیوں نہیں چھپانا پڑتی؟


ایک دور تھا جب ہندی فلموں کی ہیروئن شادی یا کیریئر میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی تھیں، لیکن اب سب بدل چکا ہے اور بھارتی فلموں کی ہیروئن کو اپنی شادی چھپانا نہیں پڑتی۔ گذشتہ چند برسوں میں کرینہ، انوشکا، دیپیکا، پریانکا، کترینہ اور اب عالیہ بھٹ کی شادی نے صورتحال کو کافی حد تک بدل دیا ہے۔ لیکن 80 کی دہائی سے نئی صدی کی پہلی دہائی تک کا عرصہ کچھ عجیب تھا، جہاں ایک فلمی ہیروئین کا کیرئیر اس کی شادی اور ماں بننے کے حساب سے اتار چڑھاؤ کا شکار ہوا کرتا تھا۔ اس کی ایک مثال 90 کی دہائی میں ملتی ہے، جب مادھوری اور جوہی چاولہ جیسی ہیروئنیں اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔جوہی چاولہ ایک کے بعد ایک ہٹ فلمیں دے رہی تھیں لیکن اپنی ماں کے اچانک انتقال کے بعد وہ اپنی ذاتی زندگی میں بہت مشکل وقت سے گزر رہی تھیں۔ اس دوران ان کی ملاقات جئے مہتا سے ہوئی۔ دونوں میں قربتیں بڑھیں اور جوہی نے ان سے شادی کر لی۔ لیکن یہ شادی خفیہ رکھی گئی تھی جوہی نے طویل عرصے تک اس شادی کا انکشاف نہیں کیا تھا کیونکہ انہیں اپنا کیریئر ختم ہو جانے کا خدشہ تھا۔
یعنی ایک کامیاب اداکارہ کو صرف اپنا کیرئیر بچانے کے لیے ایسا کرنا پڑا جبکہ ان کے ساتھ کے ہیروز کو چاہے وہ عامر خان ہو یا شاہ رخ یا کوئی اور، کسی کو اس طرح اپنی شادی نہیں چُھپانی پڑی۔ 80 کی دہائی سے لے کر نئی صدی کی پہلی دہائی تک ہندی فلم انڈسٹری عجیب دور سے گزری، جہاں یہ تاثر تھا کہ ہیروئن کا کیرئیر شادی کے بعد ختم ہو جاتا ہے۔ نیتو سنگھ نے اپنے کریئر کے عروج پر رشی کپور سے شادی کے بعد فلمیں چھوڑ دیں۔ ایسے ہی ببیتا نے بھی رندھیر کپور کے بعد فلمی دنیا چھوڑ دی تھی۔ دراصل کرشمہ اور کرینہ کپور سے پہلے کہا جاتا تھا کہ شادی کے بعد کپور خاندان کی لڑکیاں اور بہوئیں فلموں میں کام نہیں کرتیں، چاہے وہ نیتو ہوں یا ببیتا۔
موسمی چٹرجی کی مثال دیکھیں، انھوں نے شادی کے بعد بھی فلمیں کیں۔ لیکن پھر ایک وقت ایسا بھی آیا جب ہیروئنز کے لیے شادی کر کے کیریئر بنانا ممکن نہیں تھا۔ اس وقت فلمیں ایسی ہوتی تھیں جس میں ہیروئین کے بارے میں لوگ ایک خاص قسم کا تصور کیا کرتے تھے، ان دنوں اگر آپ اپنے کیرئیر کے دوران شادی کر بھی لیں تو ہیروئنز کو اپنی شادی کو پانچ سے 10 سال تک خفیہ رکھنا پڑتا تھا۔ اسی لیے پروڈیوسر ایسی ہیروئنز کو فلم کے لیے سائن نہیں کرنا چاہتے تھے اور یہ سلسلہ 2000 تک چلا۔ کچھ اداکاراؤں نے جب واپسی کی تو بھی انھیں کوئی اچھا ریسپانس نہیں ملا۔ مادھوری ڈیکشٹ نے بھی واپسی کی لیکن ابتدا میں انھیں اچھے رولز نہیں ملے۔ تاہم نئے دور کی ہیروئنوں نے آہستہ آہستہ اس پرانے سکرپٹ کا سکرین پلے بدل دیا ہے۔ آج اگر شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ جیسے ٹاپ ہیرو شادی کے بعد اپنا کریئر بنا رہے ہیں تو کترینہ اور دیپیکا بھی۔ پرینکا چوپڑا نے بھی اپنے کیرئیر کے ایسے مرحلے پر شادی کی جب وہ نہ صرف بالی وڈ بلکہ ہالی وڈ تک پہنچ چکی تھیں۔
اب شاید انڈین معاشرہ بدل گیا ہے، ہیروئنز اپنی شادی کا اعلان کھلے عام کرتی ہیں۔ اگر آپ دیپیکا پاڈوکون کی حالیہ فلم ‘گہرائیاں’ دیکھیں تو سمجھیں گے کہ شادی کے بعد فلم کے پردے پر رومانوی سین کرنا کوئی بڑی بات نہیں۔ عالیہ کی بات کریں تو ان کے مداح پر ان کی شادی کا کوئی اثر نہیں پڑ رہا بلکہ اس کے برعکس ان کے مداح ان کے لیے خوش ہیں۔ اس سے قبل 2012 میں کرینہ کپور نے شادی کی تھی اور وہ ماں بننے کے بعد بھی مسلسل کام کر رہی ہیں۔ آج ان کے بھائی رنبیر کپور کی شادی ہو رہی ہے تو ان کی ہونے والی دلہن عالیہ بھٹ کامیابی کی چوٹی پر بیٹھی ہیں۔ حالانکہ یہ بہت ذاتی فیصلہ ہے کہ شادی کے بعد کوئی اپنے کیرئیر کو کیا سمت دینا چاہتا ہے۔ لیکن اپنی مرضی سے فلمیں نہ کرنے اور شادی کے بعد مجبوراً فلمیں نہ کرنے میں فرق ہے۔ ویسے عالیہ بھٹ کی شادی بھی کسی دوسری لڑکی کی شادی کی طرح صرف ایک رسم ہے اور اس میں کسی قسم کی بات یا تجزیہ کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ لیکن ہائی وے، رازی اور گنگوبائی میں اپنے آؤٹ آف دی باکس کرداروں کی طرح عالیہ بھٹ گلیمر کی دنیا اور خواتین کے حوالے سے معاشرے کے دقیانوسی تصور کو اپنے طریقے سے توڑ رہی ہیں۔

Related Articles

Back to top button