سونیا حسین کی عروہ حسین کو دھمکی کام کر گئی

اداکارہ سونیا حسین کی جانب سے فلم ‘ٹچ بٹن’ کی پروڈیوسر عروہ حسین کو معاوضہ فراہم نہ کرنے پر پچاس لاکھ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوائے جانے کے بعد عروہ نے مسئلہ ختم کرنے کے لیے سونیا حسین سے بات چیت شروع کر دی یے۔ سونیا نے چند دن قبل بتایا تھا کہ انہوں نے عروہ کو ’ٹچ بٹن‘ میں کام کرنے کا معاوضہ نہ دینے پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوادیا۔

اداکارہ کے مطابق فلم کی شوٹنگ کو مکمل ہوئے دو سال گزر گئے لیکن انہیں تاحال معاوضہ نہیں ملا، جس وجہ سے وہ ذہنی پریشانی کا بھی شکار رہی ہیں، ان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں عروہ کو کہا گیا تھا کہ وہ 14 دن کے اندر جواب دیں، دوسری صورت میں ان پر 50 لاکھ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔ اداکارہ کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کے بعد عروہ نے ایک شو میں میری جانب سے نوٹس بھجوائے جانے پر بے خبری کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ سونیا کو کچھ غلطی ہوئی ہوگی۔ عروہ سے جب میزبان نے سونیا کے نوٹس بارے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے کسی معاملے بارے کچھ علم نہیں اور یہ کہ انہیں یقین ہے کہ سونیا حسین کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی۔ عروہ نے تسلیم کیا تھا کہ ان کی فلم کو بنتے بنتے بہت وقت لگا اور وہ مسائل کا بھی شکار رہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں کہا کہ انہوں نے سونیا کو معاوضہ دینے میں تاخیر کی۔

عروہ نے کہا تھا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری بہت چھوٹی ہے لہٰذا وہ آپس میں کیوں اختلافات پیدا کریں گی، ان کے مابین جو بھی غلط فہمی ہو گی، وہ اسے خود ہی دور کرلیں گی۔ اب سونیا حسین نے بتایا ہے کہ ان کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کے بعد عروہ نے ان سے بات چیت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

’ایکسپریس ٹی وی‘ کے شو میں بات کرتے ہوئے سونیا حسین نے بتایا کہ انہوں نے عروہ حسین کو اس لیے نوٹس بھیجا، کیوں کہ انہوں نے انہی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب ان کے ساتھ فلم میں کام سے متعلق معاہدہ کیا گیا تو صرف عروہ ہی پروڈیوسر تھیں اور معاہدے پر انہوں نے ہی دستخط کیے تھے، اس لیے انہوں نے صرف ان کے نام ہی نوٹس بھیجا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوٹس بھجوائے جانے سے قبل دو سال تک انہوں نے فرحان سعید سمیت دوسرے افراد سے بھی اپنا معاوضہ دلوانے سے متعلق بات کی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ سونیا حسین کے مطابق انہوں نے اپنے پیسے مانگے ہیں، کوئی جرم نہیں کیا اور یہ کہ ان کے پاس یہی راستہ بچ گیا تھا جو کہ قانونی بھی تھا اور اب ان کی دیکھا دیکھی دوسرے فنکار بھی اپنے معاوضے کے لیے قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے ہی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی پروموشن میں شریک نہیں ہو رہیں اور انہیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان کے کردار کو کاٹ کر مختصر کردیا گیا ہے لیکن اس حوالے سے انہیں مصدقہ اطلاعات نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’ٹچ بٹن‘ کی پروموشن میں حصہ نہ لینے کا اہم سبب انہیں معاوضہ نہ دینا ہے جب کہ دوسرا سبب فلم کے کچھ افراد سے ان کی کیمسٹری نہ ملنا بھی ہے۔ اداکارہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ان کے نوٹس کے بعد اب عروہ کی ٹیم نے ان سے معاوضے سے متعلق بات چیت کرنا شروع کی ہے لیکن یہ کام پہلے ہو جاتا تو بہتر تھا۔

Related Articles

Back to top button