عالیہ بھٹ کو رنبیر کپور سے پہلی نظر میں پیار کیوں ہوا؟


پانچ برس تک ڈیٹنگ کرنے کے بعد شادی کرنے والے معروف بالی ووڈ سٹارز رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی قسمت میں اکٹھا ہونا دس سال پہلے ہی لکھا چکا تھا لیکن دیر آئے درست آئے کے مصداق اب دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں۔
دونوں کی محبت کی کہانی کی بات کی جائے تو عالیہ بھٹ نے اپنی پہلی فلم کی ریلیز سے قبل ہی رنبیر کپور سے اپنی محبت کا انکشاف کر دیا تھا۔ یہ 2012 کی بات ہے جب عالیہ بھٹ کی پہلی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ ریلیز ہوئی تھی۔ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے افیئر کے چرچے تب شروع ہوئے جب دونوں نے ہدایتکار ایان مکھر جی کی فلم ’برہمستر‘ سائن کی تھی، شروع میں لوگوں کا خیال تھا کہ یہ سب فلم کی تشہیر کا حصہ ہے، لیکن آہستہ آہستہ یہ گپ شپ بھی شروع ہو گئی کہ برہمستر کی شوٹنگ کے وقت سے ہی دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں، انکے افیئر کی خبروں کو مزید ہوا تب ملی جب عالیہ اور رنبیر پہلی بار سونم کپور کی شادی کے استقبالیہ میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے پہنچ گئے، اس کے بعد دونوں کو کئی ایوارڈ فنکشنز میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ رنبیر کپور کے والد رشی کپور اور والدہ نیتو سنگھ اپنے وقت کے معروف اداکار رہے ہیں، عالیہ بھٹ اب کپور خاندان میں شامل ہونے جا رہی ہیں، اس سے پہلے وہ کپور خاندان کے افراد کے ساتھ فلموں میں کام کر چکی ہیں، عالیہ نے اداکار رشی کپور کے ساتھ اپنی پہلی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں کام کیا، اس کے بعد عالیہ نے رشی کپور کے ساتھ فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ میں بھی کام کیا۔ رشی کپور کو کئی بار عالیہ بھٹ کی اداکاری کی تعریف کرتے دیکھا گیا، وہ کہا کرتے تھے کہ عالیہ سب سے باصلاحیت اداکاراوں میں سے ایک ہیں، رشی کپور کی طرح عالیہ کا رشتہ رنبیر کی والدہ، اداکارہ نیتو کپور، کے ساتھ بھی بہت خاص ہے، عالیہ کی تعریف کرتے ہوئے نیتو کپور کہتی ہیں کہ میں عالیہ سے بہت پیار کرتی ہوں۔
عالیہ بھٹ نے سب سے پہلے 2012 میں ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں رنبیر کپور کے لیے اپنی پسندیدگی کا اشارہ دیا تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب وہ پہلی بار ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کی تشہیر کے لیے اس شو میں گئی تھیں، ہدایتکار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے اُن سے پوچھا تھا کہ آپ اپنی شادی کے سویمبر میں کن تین اداکاروں کو دیکھنا چاہیں گی؟ سویمبر دراصل انڈیا کی ایک قدیم شاہی رسم ہے جس میں شہزادیاں اپنے ’ور‘ یعنی دولھے کا انتخاب کرتی ہیں۔ اس پر عالیہ نے سب سے پہلے رنبیر کپور کا نام لیا اور اُس کے بعد سلمان خان اور آدتیہ رائے کپور کا۔ اس کے بعد کرن جوہر نے مزید دو سوالات کیے جس کے جواب میں بھی عالیہ نے رنبیر کپور کا نام لیا، یہ دو سوالات یہ تھے کہ عالیہ ’شہوت انگیز فلمی سین‘ کس کے ساتھ کرنا چاہیں گی اور شادی کس سے کرنا چاہیں گی، ان کے جواب میں عالیہ نے جو کہا وہ اب حقیقت بننے جا رہا ہے۔
بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ عالیہ بھٹ کی محبت کی کہانی سنجے لیلا بھنسالی کے سیٹ پر شروع ہوئی تھی۔ عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انھوں نے رنبیر کپور کو پہلی بار 2005 میں دیکھا تھا اور اس کے بعد مجھے پہلی بار رنبیر پر کرش ہو گیا تھا۔انھوں نے بتایا تھا کہ جب میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بلیک‘ کے لیے آڈیشن دے رہی تھی تو رنبیر وہاں بطور اسسٹنٹ کام کر رہے تھے۔ انھیں دیکھ کر میں تب ہی دل ہار گئی تھی۔
رنبیر سے شادی سے بہت پہلے ہی کپور اور بھٹ خاندانوں میں گہری دوستی ہو چکی تھی۔ عالیہ بھٹ کو اپنے والد مہیش بھٹ اور والدہ سونی رازدان کے ساتھ اکثر دوپہر کے کھانے اور ڈنر کے علاوہ فیملی فنکشنز میں اکٹھا دیکھا جاتا رہا، یہی نہیں ششی کپور اور رشی کپور کی موت کے بعد بھی عالیہ بھٹ کپور خاندان کے غم میں شریک نظر آئیں، رنبیر اور عالیہ کئی ٹی وی اشتہارات میں بھی ایک ساتھ نظر آ چکے ہیں، اب شادی کے بعد دونوں فلم ’برہمستر‘ میں نظر آنے والے ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ کافی عرصے سے چل رہی تھی، کرونا کی وجہ سے فلم کو بننے میں کافی وقت لگا، ایان مکھرجی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رنبیر اور عالیہ کے علاوہ ’’بالی وڈ کے شہنشاہ‘‘ امیتابھ بچن بھی نظر آنے والے ہیں، یہ فلم تین حصوں میں دکھائی جائے گی اور اس کا پہلا حصہ نو ستمبر 2022 کو ریلیز کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button