فلم میں کام کا معاوضہ نہ ملنے پر مرینہ خان کی دھمکی

1986 میں مشہور ڈرامہ سیریل تنہائیاں، دھوپ کنارے، نجات، اور تنہا سے شناخت بنانے والی سینئر اداکارہ مرینہ خان نے حال ہی میں بننے والی فلم ’’یارا وے‘‘ میں کام کرنے کا معاوضہ نہ ملنے پر مداحوں سے اپنے حق میں آواز اٹھانے کی اپیل کر دی ہے۔ مرینہ خان نے یکم اگست کو آئندہ ماہ ریلیز کے لیے تیار اپنی فلم ’یارا وے‘ کا پوسٹر شیئر کیا، جس میں فلم کی ریلیز کی تاریخ 16 ستمبر بتائی گئی یے، پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے مرینہ خان نے دعویٰ کیا کہ پروڈیوسرز نے انہیں مکمل معاوضہ فراہم کیے بغیر اور ان سے باضابطہ معاہدہ کیے بغیر ہی فلم کی ریلیز کا اعلان کردیا ہے جو کہ افسوس ناک ہے۔
اداکارہ نے پروڈیوسرز کے لیے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں شرم کرنے کا کہا اور ساتھ ہی لکھا کہ اگر وہ چاہیں تو فلم کی ٹیم پر معاوضہ فراہم نہ کرنے کا کیس دائر کر کے اسکی ریلیز موخر کروا سکتی ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے حق میں آواز اٹھائیں تاکہ پروڈیوسرز کو خیال آئے اور انہیں ان کا معاوضہ مل۔سکے۔ مرینہ خان کی جانب سے پوسٹ شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے ان کے حق میں پوسٹس کرنا شروع کر دیں اور افسوس کا اظہار کیا کہ پروڈیوسرز نے سینئر اداکارہ کے ساتھ ایسا نامناسب سلوک اختیار کیا، مداحوں نے پروڈیوسرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ مرینہ خان جیسی سینئر اداکارہ کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کر سکتے ہیں تو نئے اداکاروں کا وہ کس طرح استحصال کرتے ہوں گے؟
تاہم مرینہ خان نے کہیں بھی اس پروڈیوسر کا نام نہیں لیا تھا جو انہیں انکا معاوضہ دینے سے انکاری ہے۔ لیکن انکی دھمکی کے بعد ’یارا وے‘ کے آفیشل انسٹا گرام پیج پر پروڈیوسرز نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے اداکارہ سے معافی مانگی اور انہیں یقین دلایا کہ تفتیش کے بعد انہیں معاوضہ فراہم کردیا جائے گا۔
یارا وے‘ فلم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گے بیان میں کہا گیا کہ فلم کو ریلیز کرنے والی پروڈکشن کمپنی نے اسے ایک اور کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا تھا اور جس کمپنی کی مدد سے فلم بنائی گئی اسکی انتظامیہ درمیان میں منصوبہ چھوڑ کر لاپتہ ہوگئی ہے، جس سے روابط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق انتظامیہ کو اداکاروں کی تمام ادائیگیاں دے دی گئی تھیں مگر بعض اداکاروں کو معاوضہ نہیں دیا اور کمپنی فرار ہوگئی جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فلم کی پروڈکشن کمپنی نے مرینہ خان کو مینشن کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ جلد انہیں ان کا معاوضہ فراہم کر دیا جائے گا اور انہیں تکلیف پہنچانے والی دوسری پروڈکشن کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ مرینہ خان کی فلم ’یارا وے‘ کو رواں برس جون میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اسکی نمائش موخر کر کے اب اسے ستمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ’یارا وے‘ میں سمیع خان اور جاوید شیخ بھی شامل ہیں جب کہ اس میں بھارتی اداکارہ پونم پانڈے کا بھی مختصر کردار ہے، فلم کے ذریعے اداکارہ علیزے نصیر اداکاری کا آغاز کرنے جا رہی ہیں اور وہ اس فلم کے پروڈیوسرز میں بھی شامل ہیں۔ ’یارا وے‘ کی کہانی التھیا کوشل نے لکھی ہے جبکہ اسکے ڈائیلاگ پاکستانی لکھاری مہوش اعجاز نے لکھے ہیں، اس کی ہدایات منیش پور نے دی ہیں، ’یارا وے‘ کی کہانی ٹرائی اینگل محبت کے گرد گھومتی ہے اوراس کی زیادہ تر شوٹنگ تھائی لینڈ اور دبئی سمیت دیگر مقامات پر کی گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button