بھارتی فلمسٹار تبو 53 سال کی عمر میں بھی سنگل کیوں ہیں؟

معروف بالی ووڈ سٹار تبو اپنے طویل فلمی کیرئیر کے دوران کئی مرتبہ محبت میں مبتلا ہوئیں لیکن کبھی بات شادی تک نہیں پہنچ پائی، اداکارہ اب 53 برس کی عمر میں بھی سنگل لائف گزار رہی ہیں، جب بھی کسی غیر شادی شدہ فلمی شخصیت کا ذکر ہوتا ہے تو سلمان خان، ابھے دیول، اکشے کھنہ، امیشا پٹیل اور سشمیتا سین جیسے ستاروں کے علاوہ تبسم فاطمہ ہاشمی عرف تبو کا نام بھی سرفہرست ہوتا ہے۔حیدرآباد دکن میں 4 نومبر 1971 کو پیدا ہونے والی تبو نے ہندی، تیلگو، تامل اور انگریزی فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کے والدین جمال ہاشمی اور رضوانہ ہاشمی ہیں جبکہ بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک اور معروف اداکارہ فرح ناز ان کی بہن اور فلموں کی ایک اور تابناک شخصیت شبانہ اعظمی ان کی خالہ ہیں۔تبو کی پیشہ ورانہ زندگی جتنی ہٹ رہی ہے ان کی لو لائف اتنی ہی اتار چڑھاؤ سے بھری رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ تقریباً 53 برس کی ہوجانے کے باوجود انہوں نے آج تک شادی نہیں کی، انہوں نے اداکاروں سے لے کر ہدایت کاروں تک سب ہی کو ڈیٹ کیا لیکن یہ ڈیٹنگ شادی تک نہیں پہنچ پائی، جب تبو ناگارجن کی محبت میں گرفتار ہوئیں تو اس وقت ناگارجن پہلے سے ہی شادی شدہ تھے او تبو کے لیے اپنی پہلی شادی توڑنے کے لیے تیار نہیں تھے جس کی وجہ سے تبو نے وہ تعلق ختم کردیا۔تبو کا نام انیل کپور کے بھائی اور بالی ووڈ اداکار سنجے کپور کے ساتھ بھی جڑا لیکن یہ رشتہ بھی زیادہ دیر نہیں چل سکا اور جلد ہی دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔ اس کے بعد اداکارہ کا نام مشہور ہدایت کار ساجد ناڈیاڈوالا کے ساتھ آنے لگا لیکن کچھ سال ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد دونوں الگ ہوگئے اور پھر تبو نے تنہا ہی رہنے کا فیصلہ کرلیا۔جہاں تک فلمی کیرئیر کا سوال ہے تو تبو نے فلموں میں پہلا قدم 1980 میں رکھا اور فلم ‘بازار’ میں ایک چھوٹا کردار نبھایا۔ بطور لیڈ اداکارہ ان کی پہلی فلم ‘پہلا پہلا پیار’ تھی۔ اس کے بعد انہوں نے بہت کامیابیاں سمیٹیں اور ایوارڈز بھی حاصل کیے۔بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث شہرت پانے والی بالی ووڈ اداکارہ “تبو” ایک پاکستانی اداکار کی بیٹی ہیں، جن کے والد جمال ہاشمی ماضی میں ایک معروف پاکستانی اداکار تھے، جمال ہاشمی نے بھارتی شہر حیدرآباد کے مسلمان گھرانے میں رضوانہ نامی خاتون سے شادی کی، جمال ہاشمی کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار رہی، اُن کی شادی شدہ زندگی میں لڑائی جھگڑے اس قدر بڑھ گئے کہ بات طلاق تک آگئی، اُس وقت تک جمال ہاشمی پاکستانی فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکے تھے اور بھارت منتقل ہوگئے۔اس جوڑی کے ہاں دو بیٹیوں کی پیدائش ہوئی جن میں بالی ووڈ اداکارہ “تبو” اور اُن کی بہن فرح ناز شامل ہیں، ’’تبو‘‘ کا اصل نام تبسم فاطمہ ہاشمی ہے وہ 4 نومبر 1971 کو پیدا ہوئیں۔