فیروزخان اورمحسن عباس کیخلاف الزامات کی حقیقت نہیں معلوم


معروف اداکارہ سونیا حسین نے اپنی بیویوں پر گھریلو تشدد کے الزامات کا شکار ہونے والے اداکار فیروز خان اور اداکار محسن عباس حیدر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں جانتیں کہ ان الزامات میں کتنی حقیقت ہے۔ جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ میں اداکار فیروز خان اور ماضی میں محسن عباس حیدر کے ساتھ کام کرنے والی سونیا حسین نے کہا ہے کہ بظاہر دونوں اداکار بہت مہذب اور عزت کرنے والے ہیں لیکن ان پر لگنے والے الزامات کے حوالے سے انہیں کوئی اندازہ نہیں۔ یاد رہے کہ فیروز خان اور ان کی سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان کے درمیان ستمبر 2022 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، انہیں دو بچے بھی ہیں۔ فیروز خان پر سابق اہلیہ نے گھریلو تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے عدالت میں اس متعلق تصاویر اور میڈیکل رپورٹس بھی جمع کروا رکھی ہیں اور دونوں کا کیس زیر سماعت ہے جب کہ فیروز خان نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

فیروز خان پر سابق اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات لگائے جانے کے بعد زیادہ تر شوبز شخصیات نے ان پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی طرح 2018 میں محسن عباس حیدر پر بھی سابق اہلیہ فاطمہ سہیل نے گھریلو تشدد کے الزامات لگائے تھے، انہوں نے 2015 میں شادی کی تھی مگر ان کی بھی 2018 میں طلاق ہوگئی تھی اور انہیں بھی ایک بیٹا ہے۔ محسن عباس حیدر پر بھی گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات نے ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا اور متعدد پروڈیوسرز نے ان کے ساتھ کام کرنا بھی چھوڑ دیا تھا۔ حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کے دوران اچانک ماضی کی معروف نیوز اینکر رابعہ انعم تب واک آوٹ کر گئیں جب انہیں پتہ چلا کہ اس شو میں محسن عباس حیدر بھی بطور مہمان شریک ہیں۔ اداکارہ سونیا حسین نے اتفاق سے پہلے محسن عباس حیدر اور اب حال ہی میں فیروز خان کے ساتھ بھی کام کیا تھا اور انہوں نے دونوں اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ایک شو میں بات کی۔

’ایکسپریس ٹی وی‘ کے شو میں سونیا حسین نے فیروز خان اور محسن عباس حیدر پر لگائے گئے الزامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مکمل طور پر دونوں کے معاملات کے اصل حقائق کا علم نہیں اور اسی وجہ سے وہ ان کے مسئلے پر بات نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ وہ صرف کسی کی تشدد کی تصاویر دیکھ کر یہ فیصلہ نہیں کر سکتی کہ مجرم کون ہے اور کون متاثر ہے۔ سونیا حسین کا کہنا تھا کہ وہ دونوں اداکاروں کے معاملے پر اس وقت ہی بہتر انداز میں بات کر سکتی ہیں جب کہ وہ دونوں فریقین سے بات کریں اور معاملات کی جانچ پڑتال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ابھی دونوں کے معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور انہیں ان سے متعلق مکمل حقائق کا علم بھی نہیں، اس لیے وہ ان کے مسئلے پر کھل کر بات نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے ایک بار فیروز خان سے ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق پوچھا تھا لیکن اس وقت اداکار نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے اور اہلیہ کے درمیان سب معاملات ٹھیک ہیں اور انہوں نے زیادہ تفصیل نہیں بتائی، اس لیے انہوں نے دوبارہ ان سے ذاتی زندگی سے متعلق کبھی نہیں پوچھا۔

سونیا حسین کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب انہوں نے محسن عباس حیدر کے ساتھ ایک گانے میں کام کیا تو ان کا گانا اداکار پر الزامات کی وجہ سے دو سال کی تاخیر سے ریلیز کیا گیا اور اس وقت محسن عباس حیدر کو تمام منصوبوں سے الگ کردیا گیا اور ایک ایسا وقت بھی آیا جب اداکار کے پاس خوراک کھانے کے لیے پیسے بھی نہیں تھے۔ اداکارہ نے کہا کہ جن افراد پر اس طرح کے الزامات لگتے ہیں، ان سے ہر طرح کے تعلق ختم کرنا، انہیں ہر چیز سے الگ کرنا مناسب نہیں، انہیں اس وقت مدد کی ضرورت ہوتی ہے، ایسے لوگوں کو اس وقت علاج کے لیے مدد دی جانی چاہیے۔

دونوں اداکاروں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے حوالےسے اداکارہ نے بتایا کہ جب تک ان کے مسائل حل نہیں ہوتے یا عدالت انہیں مجرم قرار نہیں دیتی تب تک وہ ان سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کر سکتیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گھریلو تشدد کی شکار خواتین کو پہلے ہی دن اپنی آنکھیں کھول لینی چاہیے، جب شوہر ان سے اونچی آواز میں بات کرے یا پہلی بار تشدد کرے تو وہ اس وقت ہی شوہر پر واضح کردیں کہ اگر دوبارہ ایسا کریں گے تو وہ گھر چھوڑ کر چلیں جائیں گی۔سونیا حسین کے مطابق خواتین کو گھریلو تشدد کے حوالے سے شعور دینے کی ضرورت ہے، انہیں سمجھایا جانا چاہیے کہ وہ کس طرح کی زور زبردستی کو قبول نہ کریں، اگر ان کی شریک حیات کے ساتھ بات نہیں بن رہی تو علیحدگی اختیار کرلیں۔

Related Articles

Back to top button