’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘‘ ٹورانٹو فلم فیسٹیول میں پیش

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کی تحریر کردہ کہانی پر مبنی ہالی ووڈ فلم ’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘‘ کو ٹورانٹو فلم فیسٹیول میں پیش کر دیا گیا ہے۔ اس فلم فیسٹیول کا آغاز 8 ستمبر کو ہوا تھا اور یہ 18 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنٹو فلم فیسٹیول کا شمار دنیا کے معروف اور قدیم ترین فلم فیسٹیولز میں ہوتا ہے جس میں دنیا بھر کی فلمیں پیش کی جاتی ہیں، سجل علی کی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کا عالمی پریمیئر 11 ستمبر کو ہوا، جس میں فلم کی کاسٹ سمیت فلم کی دیگر ٹیم نے بھی شرکت کی۔
سجل علی بھی ٹورنٹو فلم فیسٹیول کا حصہ بنیں اور ان کی جانب سے فیسٹیول میں پیش ہونے کی تصاویر اور ویڈیوز مختلف شوبز شخصیات نے شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی، فلم فیسٹیول میں سجل علی کو بالی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت دیگر اداکاروں سے ملتے ہوئے دیکھا گیا اور ان کی فلم کا عالمی پریمیئر ٹورنٹو فلم میں ہونے پر پاکستان کی شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی۔
’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘‘ کا پہلا ٹریلر بھی گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا تھا، جس میں سجل علی کے کردار کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی، ٹریلر میں سجل علی کو پاکستانی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے جبکہ شبانہ اعظمی کو ان کی والدہ کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر میں گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی جوکہ شہزاد لطیف اور سجل علی کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے، فلم کی کہانی برطانوی لڑکی ’’زوئی‘‘ یعنی للی جیمز اور پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے شہزاد لطیف کے گرد گھومتی ہے جو نہ صرف پڑوسی ہوتے ہیں بلکہ بچپن کے دوست بھی ہوتے ہیں۔
ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شہزاد لطیف کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکامی ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستانی لڑکی سجل علی سے طے کرتے ہیں۔

عمران سے ملاقات کرنے والی رابن رافیل جاسوسہ نکلی

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کر کے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، اس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔ یہ فلم سجل علی کی پہلی عالمی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ پاکستانی فلموں میں کام کر چکی ہیں، فلم کی ہدایات بالی ووڈ فلم ساز شیکھر کپور دے رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم ایلزبتھ: دی گولڈن ایج کی ہدایات دی تھیں، جسے بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔
واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ (What’s Love Got To Do With It) کی کہانی جمائما گولڈ سمتھ نے لکھی ہے اور اسے ’’سٹوڈیو کینال‘‘ نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کو رواں برس کرسمس کے موقع پر عالمی سینماؤں میں پیش کیا جائے گا، ممکنہ طور پر اسے پہلے امریکا، کینیڈا، یورپی ممالک اور بھارت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے 2023 میں پاکستان اور برطانیہ میں ایک ساتھ ریلیز کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button