دنیا کی خطرناک ترین کھیل کون سے ہیں

عام طور پر دنیا میں کرکٹ، ہاکی اور فٹبال وہ تین مقبول ترین کھیل ہیں جن سے عام آدمی بھی واقف ہے۔ تاہم دنیا میں کچھ خطرناک کھیل ایسے بھی ہیں جنہیں کھیلنا تو دور کی بات، انہیں دیکھنے والوں کی بھی چیخیں نکل جائیں۔
برطانیہ کی چیز رولنگ سے لے کر قازقستان کی گھوڑوں کی پشت پر ریسلنگ تک، دنیا میں ایسے روایتی کھیلوں کی کمی نہیں جن کو کھیلنا کمزور دل افراد کے بس کی بات نہیں ، آج ہم آپ کو کچھ ایسے ہی خطرناک ترین کھیلوں کے متعلق بتائیں گے۔
جرمنی کے ایک صوبے باواریا میں ایک انوکھا روایتی کھیل بہت پسند کیا جاتا ہے جس میں اکثر انگلیاں ٹوٹ جاتی ہیں، اس کھیل کو فنگر ہیکیلن کا نام دیا گیا ہے جس میں انگلیوں کے درمیان ایک چیز پھنسا کر اسے میز کے اوپر سے کھینچنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ جس سے عموما کھلاڑیوں کے ہاتھوں کی انگلیاں ٹوٹ جاتی ہیں۔
لاطینی امریکی ملک گوئٹے مالا کا روایتی کھیل ہاکی سے ملتا جلتا ہے مگر اس میں ایک بہت بڑا فرق یہ ہے کہ گیند سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہوتے ہیں اور کسی کے جسم پر یہ گیند لگ جائے تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کیسا زخم آ سکتا ہے۔
کرغیزستان کے صوبے اوش میں کشتی کا کھیل بہت مقبول اور عام کھیلا جاتا ہے مگر یہ کشتی زمین پر نہیں بلکہ گھوڑے کے اوپر چڑھ کر ہوتی ہے، اس مقابلے میں گھڑ سوار اپنے مخالف کو گھوڑے سے نیچے گرانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس دوران اکثر گھڑ سوار اپنی ٹانگیں اور بازو تڑوا بیٹھتے ہیں ۔
جنوبی افریقہ کا ایک روایتی کھیل میوسانگوے باکسنگ سے ملتا جلتا ہے، وینڈا نامی قبیلہ اس کھیل کا شوقین ہے جس میں بغیر گلووز کی باکسنگ کے مقابلے اکثر ہوتے ہیں اور بیشتر افراد کے جبڑے ٹوٹ جاتے ہیں۔
افغانستان کا کھیل بزکش افغانستان سمیت وسط ایشیاءمیں بہت مقبول ہے جس میں گھڑسواروں کی دو ٹیمیں حصہ لیتی ہیں اور ان کا مقصد ایک سر کٹے بکرے کو میدان کے درمیان میں بنے دائرے تک پہنچانا ہوتا ہے جس کے دوران گھوڑے سے گر کر چوٹیں لگنا عام سمجھا جاتا ہے۔
۔
مالٹا کا روایتی کھیل گوسترا مرد، بچے اور خواتین سب کھیلتے ہیں جس میں جیت کا فیصلہ ایک گریس لگے کھمبے پر چڑھ کر اس پر لگے جھنڈے کو واپس لانے سے کیا جاتا ہے کھمبے سے پھسل جانے پر اکثر لوگ ہسپتال بھی پہنچ جاتے ہیں۔
چین کے صوبے زیجیانگ میں کشتی کا ایک منفرد مقابلہ ہوتا ہے جس میں مرد کسی انسان سے نہیں بلکہ ایک بھینسے سے لڑتے ہیں، تین منٹ تک جاری رہنے والی اس کشتی کو گیوانیو کہا جاتا ہے۔
درختوں پر چڑھنے کا روایتی کھیل ویسے تو دنیا بھر میں بچوں کو پسند ہے مگر کوسوس میں کھیلے جانے والے اس کھیل کے اصول کچھ مشکل ہیں ۔ ریوگوا گیمز کے دوران شرکا 26 فٹ لمبے سپاٹ تنے پر بغیر کسی اوزار کی مدد سے چڑھنے کے مشکل مشن میں حصہ لیتے ہیں اور اکثر افراد کو اس کھیل میں سخت چوٹین بھی کھانا پڑتی ہیں۔
رسی کوکھینچنے کے مقابلے تو دنیا کے مختلف ممالک میں ہوتے ہیں مگر قازقستان میں اس کھیل کو بکرے کی کھال جیتنے کے لیے مختلف ڈھنگ سے کھیلا جاتا ہے۔ اس کھیل میں دو افراد گھوڑے پر سوار ہوکر بکرے کی کھال کو اپنی اپنی جانب کھینچنے اور مخالف کو نیچے گرانے کی کوشش کرتے ہیں اور کھل کو اپنی طرف کھینچ لینے والے کھلاڑی کو کامیاب تصور کیا جاتا ہے۔ یہ کھیل وسط ایشیاءمیں بہت مقبول ہے۔
چیز رولنگ برطانیہ اور نیوزی لینڈ میں لوگوں کا پسندیدہ کھیل ہے جس میں لوگ کسی پہاڑی کے اوپری حصے سے نیچے کی طرف پوری رفتار سے بھاگتے ہوئے ایک لوہے یا لکڑی کے کسی ٹکڑے کو پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے دوران اکثر لوگ لڑھک کر گرنے سے شدید زخمی ہو جاتے ہیں۔
