About Us

گوگلی نیوز ڈاٹ ٹی وی ایک ڈیجیٹل میڈیا پراجیکٹ ہے جو ویب نیوز پورٹل اور ٹی وی چینل پر مبنی ہے جسکا ماٹو ہے “ان سنسرڈ میڈیا” یا “بے لاگ صحافت”۔ سال 2019 کو تبدیلی کا سال قرار دیا جاتا ہے۔ بلاشبہ اس سال پاکستان کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں بھی بڑی تبدیلیاں آئی ہیں۔ رواں برس کے پہلے چند مہینوں کے دوران اخبارات اور ٹی وی چینلز میں بڑے پیمانے پر سٹاف کی تعداد میں کمی کی گئی حتیٰ کہ بہت سے اخبارات اور ٹی وی چینلز بند بھی ہو گے۔ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ پاکستان میں مین سٹریم میڈیا کے لئے اپنا توانا وجود برقرار رکھنا بہت دشوار ہو چکا ہے۔ میڈیا آرگنائزیشنز کی ادارتی پالیسی میں بڑھتی ہوئی ریاستی اور حکومتی مداخلت نے اسے سنگین بحرانوں کا شکار کردیا ہے۔ سنسر شپ اور مخصوص پالیسی گائیڈ لائنز فالو کرنے کے ریاستی اور حکومتی احکامات کی وجہ سے اخبارات اور نیوز چینلز پر خبروں کی ساکھ اور تجزیوں کا معیار بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اسی وجہ سے عوام کا مین سٹریم میڈیا کے ذریعے فراہم کی جانے خبروں اور اطلاعات پر اعتبار بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب یہ حقیقت بھی روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ریاستی جبر کے سامنے روایتی میڈیا کے سرنڈر کر جانے کے بعد پاکستان میں انڈیپینڈنٹ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ خاص طور پر سمارٹ فونز کلچر اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی بدولت ڈیجیٹل میڈیا کی مقبولیت اور افادیت میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جب ہاتھ میں موجود موبائل فون پر ہی نہایت آسانی سے خبریں اور اطلاعات دستیاب ہوں، تو پھر نیوز میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کا فرق ختم ہو جاتا ہے۔
ان حالات میں گوگلی نیوز ڈاٹ ٹی وی کے ادارتی بورڈ نے اعلی صحافتی اقدار کے فروغ کا عزم لئے ایک ایسے ادارے کی بنیاد رکھی ہے جس کا ہر ٹیم ممبر سچی اور غیر جانبدارانہ صحافت کا علم لے کر آگے بڑھے گا تاکہ ایک بہتر سماج تشکیل پاسکے۔ آزادی اظہار’سچ گوئی اور غیر جانبداری ایسے عناصر ہیں جو موجودہ سیاسی اور سماجی ماحول میں صحافتی اداروں میں عنقا ہوتے جا رہے ہیں۔ گوگلی نیوز ڈاٹ ٹی وی سمجھتا ہے کہ آج کے پابند ماحول میں مین اسٹریم میڈیا مالکان اپنی مالی ترجیحات اور ریاستی دباو کی وجہ سے عوام کو سچ اور صحیح جانے کے حق سے محروم رکھ رہے ہیں جس سے پاکستانی معاشرے میں سیاسی اور سماجی گھٹن میں شدید تر اضافہ ہوگیا ہے۔ گوگلی نیوز ڈاٹ ٹی وی کا ادارتی بورڈ سمجھتا ہےکہ پاکستان میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس پر پردہ ڈالے بغیر یا اپنی مرضی کے مطابق اسے کوئی رنگ دیئے بغیر عوام تک پہنچانا ان کا بنیادی حق ہے اور یہی میڈیا کا اصل کام ہے۔ گوگلی کے ذریعے آپ باخبر رہ سکتے ہیں ہر لمحہ بدلتی صورتحال سے. جہاں آپ پڑھ سکتے ہیں وہ خبریں جو آپ کو اور کہیں نہیں ملے گی اور جہاں آپ وہ سب کچھ جان سکیں گے جو مین سٹریم الیکٹرانک میڈیا آپ سے چھپاتا ہے کیونکہ جاننا اور سوال کرنا ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے۔

 

Back to top button