چین کی پاکستان سے ایران امریکا ثالثی مزید تیز کرنے کی اپیل

چین نے پاکستان سے ایران امریکا ثالثی تیز کرنے کی درخواست کردی۔ چین نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کیلئے اپنی ثالثی کی کوششوں میں مزید تیزی لائے۔

چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال، ایران امریکا تنازع اور جنگ بندی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب کو ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ سفارتی رابطوں اور ثالثی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں میں چین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک خطے میں استحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات میں سہولت کاری اور عارضی جنگ بندی میں توسیع کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنا مثبت کردار جاری رکھنا چاہیے۔شنہوا کے مطابق وانگ ای نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ چین پاکستان کی ثالثی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور خود بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، جبکہ مختلف ممالک اس اہم بحری گزرگاہ کو دوبارہ فعال بنانے کیلئے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔

Back to top button