آزاد کشمیر اسمبلی : ن لیگ 8 مخصوص نشستوں میں سے 6 میں کامیاب

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 8 مخصوص نشستوں میں سے 6 نشستیں مسلم لیگ ن نے جیت لیں۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوئے، خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں پیپلزپارٹی کی 2 اور مسلم لیگ ن کی 3 امیدوار کامیاب ہوئیں۔
خواتین کی 5 مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کی سحرش قمر،مریم زمان اور مریم ادریس کامیاب ہوئیں جب کہ پیپلزپارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیا خورشید بھی کامیاب قرار پائیں۔زوبیا خورشید اور رفعت عابد نے 5، 5 ووٹ لیے جس کے بعد قرعہ اندازی میں زوبیا خورشید کا نام نکل آیا۔
علماء و مشائخ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے پیر مظہر سعید شاہ کامیاب قرار پائے، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی کامیاب قرار پائے جب کہ اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر ن لیگ کے عبدالرحمٰن آرائیں کامیاب ہوئے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے مجموعی طور پر 31 نشستوں اور پی پی نے 14 نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔عوامی دست و بازو سے 1 نشست پر اتحاد کےبعد ن لیگ کی 32 نشستیں ہیں۔
ایوان مکمل ہونے کے بعد نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے،سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔
یاد رہے کہ پونچھ اور سدھنوتی میں انتخاب نہ ہونے کے باعث 7 ارکان کے بغیر حکومت سازی کا عمل سر انجام دیا جارہا ہے۔
