ایران کے ساتھ جنگ میں 39امریکی طیارے تباہ،امریکی رکن کانگریس کا اعتراف

امریکی ڈیموکریٹ رکن کانگریس ایڈورڈ کیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکا کے 39 طیارے تباہ ہوئے۔
سینیٹ کمیٹی کی خصوصی سماعت کے دوران ایڈورڈ کیس نے پینٹاگون کے چیف فنانشل آفیسر جے ہرسٹ سے ایران جنگ میں ہونے والے نقصانات پر متعدد سوالات کیے۔ تاہم جے ہرسٹ کئی سوالوں کے واضح جواب دینے سے گریز کرتے رہے۔ایڈورڈ کیس نے امریکی ویب سائٹ "دی وار زون” کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف 39 روز جاری رہنے والی جنگ کے دوران امریکی فضائیہ نے تقریباً 13 ہزار پروازیں کیں، جبکہ اس عرصے میں 39 طیارے تباہ اور 10 مزید مختلف نوعیت کے نقصانات کا شکار ہوئے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ تباہ ہونے والے طیاروں کی اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق تباہ ہونے والے فضائی اثاثوں میں 24 یو ایس اے ایف ایم کیو-9 ریپر ڈرونز بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ 5 جنگی طیارے دورانِ پرواز تباہ ہوئے جن میں 4 ایف-15 ای اسٹرائیک ایگلز اور ایک اے-10 وارتھوگ شامل تھا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایران کی فضائی حدود میں ایک ایف-35 اے طیارہ بھی نشانہ بنایا گیا، جسے ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ کی تباہی کا پہلا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کا پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔ویب سائٹ کے مطابق 3 ایف-15 ای طیارے کویت کی فضائی حدود میں تباہ ہوئے جبکہ قیمتی ای-3 جی سینٹری طیارے کی تباہی کو امریکا کیلئے بڑا نقصان قرار دیا گیا۔رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ بعض امریکی اثاثے ایرانی حدود میں اس خدشے کے تحت تباہ کیے گئے تاکہ وہ ایران کے قبضے میں نہ جاسکیں۔
