توہین عدالت کی درخواست پی ٹی آئی نہیں عظمیٰ خان نے دائرکی،سلمان اکرم

پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرام راجا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست تحریک انصاف کی جانب سے دائر نہیں کی گئی بلکہ یہ درخواست ڈاکٹر عظمیٰ خان کی طرف سے دائرکی گئی ہے۔
سلمان اکرم راجاکانجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر عظمیٰ کے وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا ہےکہ یہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کی مرضی ہےکہ توہین عدالت کی درخواست میں کس کو فریق بنانا ہے اورکس کو نہیں، محسن نقوی کے خلاف توہین عدالت کے ثبوت ان کے پاس نہیں ہیں اس لیے انہیں توہین عدالت کی پٹیشن میں فریق نہیں بنایا گیا۔
رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو عدالتی حکم کے منافی ہو، کسی قیدی کے حالات وہی ہیں جو بانی پی ٹی آئی کے ہیں تو نجی اسپتال منتقلی اس کا بھی حق ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کا 2 دسمبرکے بعد خاندان سے رابطہ منقطع کیا گیا، صحت سے متعلق خدشات ہیں، کیا کسی اور قیدی کے ساتھ ایسا کیا گیا کہ 10 ماہ سے ملاقات نہ کرائی گئی ہو۔
