ایران کیخلاف جارحیت پر سخت جواب دینگے: اسماعیل بقائی

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کے ممکنہ حالات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، جبکہ ایران کے خلاف دشمنی کرنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ اگر دنیا واقعی بربریت اور بالادستی کو مسترد کرتی ہے تو اسے ایران کے حق میں مؤثر آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری فوری عملی اقدامات کرے، اس سے پہلے کہ جارح طاقتیں دنیا کو لاقانونیت اور غلامی کی طرف دھکیل دیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر مسلط کی گئی جنگ صرف زمین یا وسائل کیلئے نہیں بلکہ یہ اچھائی اور برائی کے مفہوم کے تعین کی جنگ ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق ایران پر دوبارہ حملہ کرنے والے عناصر بین الاقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں پر فخر کرتے ہیں، جبکہ پرامن ایرانی عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں اپنی طاقت آزمانے کیلئے عام شہریوں اور خواتین کے مراکز تک کو نشانہ بناتی ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ دوسری طرف ایرانی عوام بے گناہ جانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ جنگ جھوٹ پھیلانے والوں اور اپنے وطن کا دفاع کرنے والوں کے درمیان ہے، اور ایسے موقع پر خاموش رہنا بھی برائی کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔
علاوہ ازیں، اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی BRICS سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت کا دورہ کریں گے۔
